آل انگلینڈ اوپن بیڈمینٹن چمپئن شپ کا آج سے آغاز

   

پی وی سندھو کی قیادت میں ہندوستان خطاب جیتنے کیلئے کوشاں ‘ اہم کھلاڑیوں کی دوری

برمنگھم ۔ عالمی چمپئن پی وی سندھو کل سے شروع ہونے والے آل انگلینڈ اوپن بیڈمینٹن چمپئن شپ میں اپنی سوئیز اوپن فائنل کی شکست کو فراموش کرتے ہوئے زیادہ بہتر مظاہرہ پیش کرنے کی کوشش کرینگی ۔ اس ٹورنمنٹ کا کل چہارشنبہ سے آغاز ہونے والا ہے ۔ سندھو کو سوئیز اوپن میں کیرولین مارن کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور وہ زیادہ مزاحمت بھی نہیں کرپائی تھیں۔ کیرولینا تین مرتبہ کی عالمی چمپئن ہیں۔ انہوں نے آل انگلینڈ اوپن بیڈمینٹن چمپئن شپ سے زخمی ہونے کی بناء پر علیحدگی اختیار کرلی ہے جس کی وجہ سے اس ٹورنمنٹ کی مقبولیت پر اثر ہوسکتا ہے ۔ اس ٹورنمنٹ میں چینی ‘ کوریائی اور تائیپی کی کھلاڑیوں نے بھی شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے کیونکہ سوپر 1000 مقابلوں وک ٹوکیو اولمپک کوالیفیکیشن میں شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ ان کھلاڑیوں کی عدم موجودگی سے حالانکہ اس کی اہمیت پر اثر ہوا ہے لیکن اس سے 19 رکنی ہندوستانی جتھے کو موقع ملا ہے کہ وہ زیادہ بہتر کھیل کا مظاہرہ پیش کرے اور یہ خطاب جیتنے کی کوشش کرے ۔ اب تک یہ ٹورنمنٹ صرف دو ہندوستانیوں پرکاش پاڈوکون نے 1980 میں اور پی گوپی چند نے 2001 میں ہی جیتا ہے ۔ سابق عالمی نمبر ایک کھلاڑی سائنہ نیہوال 2015 میں اس ٹورنمنٹ کی رنر اپ رہی ہیں۔ پی وی سندھو کا جہاں تک سوال ہے وہ اس ٹورنمنٹ میں 2018 میں سیمی فائنل تک پہونچ پائی تھیں تاہم دوسرے کوئی بھی ہندوستانی کھلاڑی اس ٹورنمنٹ میں زیادہ اچھی کارکردگی نہیں دکھاپائے ہیں۔ اولمپک سلور میڈل یافتہ پی وی سندھو اس بار بھی خطاب کی دعویدار ہوسکتی ہیں تاہم سائنہ نیہوال فی الحال اپنے بہتر فارم میں نہیں ہیں اور گذشتہ دو سال میں وہ صرف دو ٹورنمنٹ میں کوارٹر فائنلس تک پہونچ پائی ہیں۔ دوسرے ہندوستانیوں میںسابق نمبر ایک کے سریکانت اور نوجوانوں کی ڈبلز جوڑی ستوک سائراج رنکی ریڈی اور چراغ شیٹی نے سوئیز اوپن میں اچھا مظاہرہ کیا تھا ۔ اس جوڑی کو 10 واں عالمی رینک حاصل ہے اور وہ آل انگلینڈ میں بھی بہتر مظاہرہ کرنے کی کوشش کرینگے ۔ پی وی سندھو کو پانچواں رینک حاصل ہے اور وہ ملیشیا کی سونیا چئیہہ کے خلاف میچ سے اپنی مہم کا آغاز کرینگی ۔ کوارٹر فائنلس میں ان کا مقابلہ جاپان کی اکانے یاماگوچی سے ہوسکتا ہے بشرطیکہ وہ وہاں تک رسائی حاصل کرپائیں۔ سائنہ نیہوال کا مقابلہ ڈنمارک کی میا بلیچ فیلٹ کے ساتھ ہونے والا ہے ۔ مینس سنگلز میں سریکانت کا پہلا میچ انڈونیشیا کے ٹامی سگیارٹو سے ہونے والا ہے ۔