آندھراپردیش کے خصوصی موقف پر جدوجہد کے مقدمات سے حکومت دستبردار

   

احکامات کی اجرائی، چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کی ڈی جی پی کو ہدایت

حیدرآباد ۔ 14 ستمبر (سیاست نیوز) حکومت آندھراپردیش نے ریاست کو خصوصی موقف کے حصول کیلئے منظم کردہ جدوجہد میں حصہ لیتے ہوئے جہدکاروں کے خلاف درج کردہ تمام مقدمات سے آج مکمل طور پر دستبرداری اختیار کرلی اور اس سلسلہ میں سکریٹری ریاستی محکمہ داخلہ کے آر ایم کشور نے تمام کیسیس سے دستبرداری اختیار کرتے ہوئے احکامات بھی جاری کئے۔ آندھراپردیش کو خصوصی موقف فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر احتجاجی دھرنے پروگرام منظم کئے گئے تھے اور اس طرح احتجاجی دھرنے پروگراموں میں حصہ لینے والے ہزاروں افراد کے خلاف اس وقت کی تلگودیشم حکومت میں کیسیس درج کروائے گئے تھے۔ ریاست کو خصوصی موقف فراہم کرنے کے مطالبہ پر منظم کردہ جدوجہد کے تعلق سے کیسیس میں پائے جانے والے ملزمین پر سے کیسیس اٹھا لئے اور کیسیس سے دستبرداری اختیار کرلینے کیلئے درخواستیں داخل کرلینے متعلقہ پراسیکیوٹر، اسسٹٹ پراسیکیوٹرس کو مشورہ دینے کی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو ہدایت دی گئی۔ اس سے جہدکاروں و مظاہرین پر ضلع واری اساس پر کتنے کیسیس درج کئے گئے مکمل تفصیلات اکھٹا کرنے کے کاموں میں ریاستی محکمہ پولیس مصروف ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر جگن موہن ریڈی نے ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس کو کیسیس سے دستبرداری کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کی ہدایات دیں۔