VIPS گروپ آف کمپنیز سے وابستہ 10 ایجنٹس گرفتار، نلگنڈہ پولیس کی کارروائی‘ دیگر ملزمین کی تلاش جاری
نلگنڈہ۔ 12؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ نلگنڈہ رورل پولیس نے ایک بڑے آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کا پردہ فاش کرتے ہوئے VIPS گروپ آف کمپنیز سے وابستہ 10 ایجنٹس کو گرفتار کر لیاجو عوام کو غیر معمولی منافع اور کیش بیک کی پیشکشوں کے ذریعے دھوکہ دے کر کروڑوں روپے ہتھیانے میں ملوث تھے۔ایڈیشنل ایس پی پولیس مسٹر اشوک نے بتایا کہ ان ملزمان کی جانب سے “WAVE” نامی نئی اسکیم کے تحت دوبارہ دھوکہ دہی کی کوشش کو بھی ناکام بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ کیس کرائم نمبر 64/2025 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں تعزیرات ہند کی دفعات 120(B)، 409، 420 بمعہ 34 کے علاوہ پرائز چٹس اینڈ منی سرکولیشن اسکیم (ممنوعہ) ایکٹ اور پروٹیکشن آف ڈپازٹر فنانشل اسٹیبلشمنٹ ایکٹ 1999 کی متعلقہ دفعات شامل ہیں۔تحقیقات سے معلوم ہوا کہ مہاراشٹر کے شہر پونے سے تعلق رکھنے والے اہم ملزم ونود توکارام کھوٹے نے 2016 میں “VIPS Virtual Intelligence Payment System” کے نام سے ایک ڈیجیٹل والٹ ایپ شروع کی جسے 2018 میں “VIPS گروپ آف کمپنیز” میں تبدیل کر دیا گیا۔ اس کے بعد مختلف پرکشش اسکیموں کے ذریعے عوام کو زیادہ منافع کا لالچ دے کر بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کروائی گئی تاہم وعدے کے مطابق رقم واپس نہیں کی گئی۔ملزمان نے اپنے فراڈ کو کامیاب بنانے کے لیے ملٹی لیول مارکیٹنگ (MLM) اور پیرامڈ اسکیم کا سہارا لیا جس میں نئے ممبران کی شمولیت کے ذریعے پرانے افراد کو منافع دینے کا جھوٹا تاثر قائم کیا جاتا تھا۔ ان اسکیموں میں پرائم ممبرشپ ریفرل کمیشن آن لائن ٹریڈنگ پراپرٹی سرمایہ کاری اور QR کوڈ پر مبنی کیش بیک جیسے مختلف طریقے شامل تھے جن کے ذریعے عوام سے بڑی رقوم وصول کی گئیں۔پولیس کے مطابق 11/ اپریل 2026 کو نلگنڈہ کے مضافات میں واقع لکشمی گارڈنس کے قریب ملزمان ایک بار پھر “WAVE” نامی نئی اسکیم کے تحت پرانے سرمایہ کاروں کو دوبارہ سرمایہ کاری پر آمادہ کر رہے تھے۔ باوثوق ذرائع کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے موقع پر چھاپہ مار کر 10 افراد کو گرفتار کر لیا اور ان کے قبضے سے 10 موبائل فون ضبط کیے۔پولیس نے اس دھوکہ دہی کے ملزم سمیت دیگر اہم ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جو فی الحال مفرور بتایا گیا ہے۔نلگنڈہ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر معمولی منافع کے جھانسے میں آ کر کسی بھی آن لائن اسکیم میں سرمایہ کاری نہ کریں اور اس طرح کی مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ پولیس نے خبردار کیا کہ اس قسم کی اسکیمیں نہ صرف مالی نقصان کا سبب بنتی ہیں بلکہ ذہنی دباؤ کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔اس کارروائی کی نگرانی ڈی ایس پی شیو رام ریڈی نے کی جبکہ سی آئی وی۔ راگھوا راؤایس آئی سئدہ بابو اور ان کی ٹیم نے کامیاب کارروائی انجام دی۔ جس پر ضلع ایس پی نے انہیں سراہا۔