آن لائین گیمنگ کے ذریعہ ڈیجیٹل تفریح میں روزانہ کروڑہا افراد مصروف

   

ٹاپ 10 مقبول عام تفریحی گیمس کی نشاندہی، تعلیمی سرگرمیوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ
حیدرآباد۔21۔اگسٹ (سیاست نیوز) عالمی سطح پر آن لائین گیمنگ مارکٹ میں روزانہ لاکھوں نہیں بلکہ کروڑوں افراد موبائیل گیمنگ میں حصہ لیتے ہوئے اپنی وقت گزاری میں مصروف ہیں۔ موبائیل گیمنگ کے تحت کئی آن لائین گیمس ایسے ہیں، جن میں دنیا بھر سے ایکٹیو یوزرس حصہ لیتے ہوئے گیمس کی مقبولیت میں اضافہ کر رہے ہیں۔ گلوبل آن لائین گیمنگ مارکٹ میں 10 ایسے گیمس کی نشاندہی کی گئی ہے جو عوام میں زیادہ مقبول ہیں۔ روزانہ ان گیمس میں کروڑہا افراد حصہ لیتے ہیں جن کا تعلق عمر کے مختلف حصوں سے ہے۔ آن لائین گیمنگ کے اس شوق نے نئی نسل کے ساتھ ساتھ کم عمر بچوں کو بھی گیم کی لعنت میں گرفتار کردیا ہے۔ دنیا کے مقبول ترین آن لائین گیمس میں Roblox سرفہرست ہے، جس کے روزانہ ایکٹیو یوزرس 132 سے 144 ملین شمار کئے گئے ہیں۔ فری فائر گیم دوسرا مقبول ترین آن لائین گیم ہے جس کے روزانہ یوزرس 100 تا 150 ملین درج کئے گئے ہیں۔ دیگر مقبول عام آن لائین گیمس میں آنر آف کنگس ، کینڈی کرش ساگا، پب جی موبائیل، فورٹ نائیٹ ، سب وے سرفرس اور دوسرے شامل ہیں۔ آن لائین موبائیل گیمس میں سب سے کم 10 ملین روزانہ کے ایکٹیو یوزرس شمار کئے گئے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں آن لائین موبائیل گیمنگ کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اسمارٹ فون اور ٹیبلیٹس کے ذریعہ صارفین بآسانی موبائیل گیم تک رسائی حاصل کر رہے ہیں اور آن لائین سطح پر ڈیجیٹل تفریح کا یہ بہترین ذریعہ تصور کیا جارہا ہے۔ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو آن لائین گیمس سے دور رکھتے ہوئے تعلیمی سرگرمیوں پر توجہ دینے کی مہم شروع کی گئی ہے۔ تعلیمی شعبہ کے ماہرین کا ماننا ہے کہ اسکول اور کالجس کی سطح پر آن لائین گیمنگ کے بڑھتے ہوئے رجحان میں نوجوانوں میں تعلیم سے رغبت میں کمی کردی ہے۔1/k/m/b