ابوظہبی میں آتشزدگی کا واقعہ،ایک ہندوستانی جاں بحق

   

ابوظبی: ابوظبی کے انڈسٹریل زون مصفہ میں آتش زدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ہندوستان سے تعلق رکھنے والا ایک تارکِ وطن زندگی سے محروم ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ہندوستانی شہری رفیق مسعود مصفہ کی ایک رہائشی بلڈنگ میں لگنے والی آگ میں جان گنوا بیٹھا ہے۔ 37 سالہ رفیق مسعود SFC گروپ میں ملازمت کرتا تھا۔ جواس واقعے کے وقت اپنی کمپنی کی رہائشی بلڈنگ کے دوسرے فلور پر موجود تھا، اس وقت فرسٹ فلور پر ایک ایئرکنڈیشنر میں اچانک آگ بھڑک اْٹھی، جس نے رفیق کی جان لے لی۔کمپنی کے ایک ترجمان نے ’’خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے حوالے سے بتا یا کہ یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر کو پیش آیا۔ جب رفیق کچھ اور ساتھی ملازمین کے ساتھ کھانا کھانے میں مصروف تھا۔ ابوظبی سول ڈیفنس کے مطابق فرسٹ فلور پر ایک ایئرکنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگی جو اوپری منزل کی جانب پھیل گئی۔ دوسری منزل پر جب اچانک دھواں ہو گیا تو ہر کوئی خطرے کو بھانپتے ہوئے اپنی جان بچانے کے لیے بھاگا۔ تاہم رفیق تھوڑا بھاری جسم کا ما لک ہے، شاید وہ بھاگ نہیں پایا ہو گا اور اس کوشش کے دوران گر گیا ہوگا یا پھسل گیا ہوگا۔ جس کے بعد دھوئیں کے باعث دم گْھٹنے سے اس کی ہلاکت ہو گئی۔ڈیلی گلف اُردو کے مطابق اس واقعے کے وقت کمپنی کی رہائشی بلڈنگ میں 20 کے قریب افراد موجود تھے۔‘‘ترجمان نے مزید کہا ’’رفیق کی میت کو واپس ہندوستان بھجوانے کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
جو ہم آج اتوار تک بھجوا دیں گے۔ مسعود کا تعلق کیرالا کے ضلع کولام سے تھا۔ اس کے لواحقین میں اہلیہ، ایک بیٹی اور والدین شامل ہیں۔‘‘