اتراکھنڈ کی خواتین کو سود کے بغیر لون ملے گا

   

دہرادون، 19 ستمبر (یو این آئی) اتراکھنڈ کے کوآپریٹو وزیر ڈاکٹر دھن سنگھ راوت نے کہا کہ خواتین کو خود کفیل بنانے کے لیے کوآپریٹو بینک ایک خصوصی اسکیم کے تحت بلا کسی گارنٹی 21 ہزار روپے کا قرض ایک سال کے لیے بغیر سود کے فراہم کرے گا، انہوں نے بتایا کہ اگر بروقت ادائیگی کی جائے تو قرض کی حد 51 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے تک کر دی جائے گی۔ وزیر ڈاکٹر راوت نے کوآپریٹو ریجنل آفس میں ریاستی کوآپریٹو یونین کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزرگ شہریوں کو ’بھارت درشن اور چار دھام یاترا‘ کیلئے 21 ہزار کا سود فری قرض دیا جائے گا۔ وہیں ایم بی بی ایس اور ٹیکنیکل ایجوکیشن حاصل کرنے والے ہونہار طلبہ کو قومی بینکوں سے کم سود پر تعلیمی قرض فراہم کرنے کا بندوبست کیا جا رہا ہے ۔ ڈاکٹر راوت نے مزید بتایا کہ آنے والے نوراتروں کے موقع پر100 کروڑ کی نئی کاروباری اسکیمیں شروع کی جائیں گی۔اس کے ساتھ ہی ریاست کے تمام 95 بلاکس میں مادھو سنگھ بھنڈاری اجتماعی کوآپریٹو فارمنگ کے ذریعہ بنجر زمین کو زرخیز بنانے کا کام جاری ہے ۔