اتراکھنڈ یکساں سیول کوڈ بل کو پاس کرنے والی پہلی ریاست مشتر ک قانون کسی کیخلاف نہیں، خواتین کو انصاف ملے گا، چیف منسٹر دھامی کا بیان دوہرہ دون؍

,

   

نئی دہلی : بی جے پی حکمرانی والی اتراکھنڈ پہلی ریاست بن چکی ہے جہاں یونیفارم سیول کوڈ (یکساں ضابطہ دیوانی) بل کو آج ندائی ووٹ سے منظوری مل گئی ۔ یہ ایسا اقدام ہے جو بی جے پی حکمرانی والی دیگر ریاستوں کو تقلید کیلئے حوصلہ فراہم کرسکتا ہے۔ راجستھان پہلے ہی کہہ چکا ہیکہ وہ آئندہ اسمبلی سیشن میں یو سی سی بل متعارف کرانا چاہتا ہے۔ یو سی سی کا مطلب قوانین کا ایسا مشترک ضابطہ ہے جو تمام ہندوستانی شہریوں کیلئے لاگو کیا جائے گا اور اس کی بنیاد مذہب پر نہیں ہوگی، بالخصوص شادی بیاہ، طلاق، وراثت، گودلینا اور دیگر شخصی امور میں مذہبی قوانین کے بجائے اس نئے مشترک ضابطہ کا اطلاق کیا جائے گا۔ چیف منسٹر اتراکھنڈ پشکرسنگھ دھامی نے اسمبلی کے باہر میڈیا والوں کو بتایا کہ آج اتراکھنڈ کیلئے اہم دن ہے۔ ہم نے ایسا بل پاس کیا ہے جس کی ملک بھر میں عوام طویل عرصہ سے خواہش کررہے تھے اور اتراکھنڈ اس کو منظوری دینے والی پہلی ریاست بن گئی۔ چیف منسٹر نے وزیراعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی طاقتور تائید و حمایت اور حوصلہ افزائی کی مدد سے حکومت اتراکھنڈ نے یو سی سی بل کو منظور کیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ یہ بل کسی کے بھی خلاف نہیں بلکہ ہر کسی بالخصوص خواتین کے مفاد میں ہے۔ یہ شادی، نان و نفقہ، وراثت اور طلاق جیسے معاملوں میں کسی امتیاز کے بغیر ہر کسی کو حق مساوات دے گا۔ یہ خاص طور پر خواتین کے خلاف امتیازی سلوک کو ختم کرے گا۔ قبل ازیں اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں یکساں سیول کوڈ بل پیش کیے جانے کے دوسرے دن چہارشنبہ کو اپوزیشن کانگریس نے اسے سلیکٹ کمیٹی کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے یو سی سی میں لیو ان ریلیشن شپ اور شیڈول ٹرائب کو اس سے الگ رکھنے پر سوال اٹھائے ۔کانگریس ارکان بھون کپڑی، پریتم سنگھ، تلک راج بیہڑ، بھوون کاپڑی، ہریش سنگھ دھامی، آدیش چوہان، وکرم سنگھ نیگی، ای روی بہادر، وریندر جاتی نے یو سی سی کا خیر مقدم کرنے کے ساتھ ہی اس میں موجود خامیوں کی نشاندہی بھی کی۔بل کو گورنر کی منظوری ملتے ہی آزادی کے بعد اتراکھنڈ اس موضوع پر قانون بنانے والی پہلی ریاست ہوجائے گا۔