اراضی دھوکہ دہی معاملہ میں تین افراد کو سزاء و جرمانہ

   

حیدرآباد۔/16 اپریل ، ( سیاست نیوز) اراضی کو فروخت کرنے کے معاملہ میں دھوکہ دینے اور ایک اراضی کو دو مرتبہ فروخت کرنے والے تین افراد کو عدالت نے سزا سنائی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 47 سالہ چندر شیکھر، 65 سالہ ایلیا اور 43 سالہ بالراج کو 2 سال کی سزا اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نادرگل علاقہ میں ایک اراضی کو خریدنے کے بعد ان تین افراد نے اس کا کچھ حصہ شکایت گذار کو فروخت کیا تھا اور دوبارہ مکمل اراضی کو کسی اور کو فروخت کردیا۔ جب شکایت گذار نے ان سے رجوع ہوکر اراضی کے متعلق سوال کیا تھا یہ لوگ اسی شکایت گذار کو دھمکانے لگے۔ ان کی دھمکیوں اور ہراسانی سے تنگ آکر شکایت گذار نے مسئلہ کو پولیس سے رجوع کردیا تھا اور پولیس کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ و چارج شیٹ کی بنیاد پر آج عدالت نے ان تینوں کو سزا سنائی ہے۔