اربن پارک میں زیر تعمیر کاٹیجس کی فوری تکمیل کریں

   

میدک ضلع کلکٹر راجہ شریشا کا عہدیداران کے ہمراہ معائنہ اور ہدایت

میدک ۔ 24 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر میدک راجہ سریشا نے ضلع میدک مقام نرساپور کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کے اربن پارک کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اربن پارک میں زیر تعمیر کاٹیجس کا معائنہ کیا۔ کلکٹر راجہ سریشا نے عہدیداران جنگلات کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماہ مارچ کے اختتام تک کاٹیجس کے تعمیری کام مکمل کرلئے جاکر سیاحوں کے لئے دستیاب کردیں۔ انہوں نے کہا کہ اربن پارک 252 ہیکٹر پر قائم کیا گیاہے۔ ان کے ہمراہ ایڈیشنل کلکٹر مجالس مقامی پریتما سنگھ اور صدر نشین بلدیہ سریدھر یادو، صدر نشین ڈائرکٹر لائبریریز چندرا گوڑ بھی موجود تھے۔ سبھی عہدیداروں نے کلکٹر شاہ کے ساتھ واچ ٹاور پر چڑھ کر اربن پارک کا مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب اربن پارک سیاحتی مرکز بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس پارک میں کاٹیجس ڈائنگ ہال، کچن، ریسیشن کاؤنٹر تعمیر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے ڈی ایف او جنگلات روی پرساد کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اربن پارک میں کشتی رانی کے انتظامات بھی کریں۔ اسی طرح فاؤنٹین، تیراکی کی سہولتیں بھی رکھیں۔ سائیکلنگ ٹریک بنائیں اور یہاں سائیکلس بھی خرید کر رکھیں تاکہ سیاحوں کو لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم ہوسکے۔ بعد ازاں کلکٹر راجہ سریشا نے نرساپور میں زیر تعمیر برانچ لائبریری کے تعمیری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ کلکٹر شاہ نے نرساپور میں زیر تعمیر ویج اینڈ نان ویج مارکٹ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی تعمیر کے لئے 14 کروڑ صرف کئے جائیں گے۔ بعد ازاں انہوں نے رکن اسمبلی نرساپور سی ایچ مدن ریڈی کے ہمراہ نرساپور ایریا ہاسپٹل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے بات چیت کی اور ڈاکٹرس سے یہاں کی طبی خدمات سے متعلق بات چیت کی۔ سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ایریا ہاسپٹلس ضلع میدک ڈاکٹر پی سی شیکھر اور سپرنٹنڈنٹ نرساپور ہاسپٹل ڈاکٹر مرزا بیگ نے ہاسپٹل کی کارکردگی سے متعلق بتلایا۔ اس موقع پر فارسٹ رینجر امبر سنگھ بلدی کمشنر نرساپور وینکٹ گوپال، پنچایت راج ای ای ست نارائن ریڈی اور دیگر سرکاری عہدیدار بھی موجود تھے۔