نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-1 سے شکست‘مسلسل چار ٹائٹل جیتنے کا سلسلہ بھی ختم
ایمسٹر ڈیم ۔31؍اگست ( ایجنسیز )ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 3-1 سے شکست دے کر ایف آئی ایچ ویمنز ہاکی ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی نیدرلینڈز کے مسلسل چار عالمی ٹائٹل جیتنے کا شاندار سلسلہ بھی ختم ہوگیا۔مقررہ وقت تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 سے برابر رہا۔ ارجنٹینا کی کپتان ماریا گراناٹو نے 54ویں منٹ میں ٹیم کے آٹھویں پنالٹی کارنر کے بعد ملنے والے ری باؤنڈ پر اہم گول کرتے ہوئے اسکور برابر کردیا۔مقررہ وقت کے اختتام پر مقابلہ برابر رہنے کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ کے ذریعے کیا گیا جہاں ارجنٹینا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیدرلینڈز کو 3-1 سے شکست دی اور تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن شپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔