اسرائیل کیساتھ حماس کی آئندہ ہفتہ سے جنگ بندی

   

قاہرہ۔ 30 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) فلسطینی کی اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے مصر کی مساعی سے اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے ٹائم فریم کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ صہیونی ریاست کے ساتھ جنگ بندی آئندہ ہفتے شروع ہو گی۔’العربیہ‘ کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے رکن خلیل الحیہ نے کہا کہ حماس کی طرف سے جنگ بندی کے لیے غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے سمیت مطالبات کی ایک فہرست پیش کی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مصری بھائیوں نے ہمارے مطالبات کو اہمیت دیتے ہوئے مثبت رد عمل دیا ہے۔ ہمارے مطالبات اسرائیل تک پہنچائے ہیں۔ اب یہ قابض اسرائیل پر منحصر ہے کہ وہ جنگ بندی پرکیسے اور کب تک عمل درآمد کرتا ہے۔فلسطین میں ’العربیہ‘ کے نامہ نگار کے مطابق گذشتہ روز مصری انٹیلی جنس وفد نے غزہ میں حماس کے سربراہ کے دفتر میں غزہ میں جاری حق واپسی تحریک کے قایدین سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد غزہ میں جنگ کو ٹالنا اور فلسطینی مزاحمت کاروں اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کی کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔