اسرو ،مارچ2020 تک 13 مشنس۔6خلائی گاڑیوں کو چھوڑنے کی تیاری : سیون

   

حیدرآباد 27 نومبر ( یو این آئی) ہندوستانی خلائی جانچ ایجنسی (اسرو) مارچ 2020تک کافی مصروف ہے کیونکہ وہ آئندہ چار ماہ کے دوران 13 مشنس۔ 6خلائی گاڑیوں کو چھوڑنے اور 7سٹلائیٹس کے مشنس پر کام کرے گا۔اسرو کے صدرنشین کے سیون نے یہ بات بتائی۔ تیسری نسل کے عصری سٹلائیٹ کارٹوسیٹ 3کو امریکہ کے دیگر 13نانو سٹلائیٹس کے ساتھ پی ایس ایل وی سی 47لانچ پیڈ کے ذریعہ چھوڑے جانے کے بعد مشن کنٹرول سنٹر سے سائنسدانوں سے خطاب کرتے ہوئے سیون نے کہا کہ جن خلائی گاڑیوں کو چھوڑا جائے گاان میں چھوٹی سٹلائیٹ خلائی گاڑی بھی شامل ہے جو ممکنہ طورپر آئندہ سال کے اوائل میں چھوڑی جائے گی۔انہوں نے کہامجھے یہ کہتے ہوئے کافی مسرت ہورہی ہے کہ پی ایس ایل وی سی 47 نے ٹھیک طورپر کارٹوسیٹ 3اور دیگر 13سٹلائیٹس کو مدار میں کامیابی کے ساتھ چھوڑا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کارٹوسیٹ 3ہندوستان کا سب سے زیادہ ریزولوشن والا خلائی جہاز ہے اور اسرو کی جانب سے تیار کردہ اب تک کا یہ کافی پیچیدہ اور عصری زمین کا مشاہداتی سٹلائیٹ ہے ۔انہوں نے سٹلائیٹ کو بنانے پر سٹلائیٹ کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کامیاب مشن اور اس شعبہ کے رول پر اسرو کی ساری ٹیم کو بھی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ اگلا کیا ہوگا یہ ایک سوال ہے ۔ہمارے پاس مارچ 2020تک 13مشنس ہیں۔یہ چھ لانچ مشنس اور سات سٹلائیٹس پر مشتمل ہیں جن کو آئندہ سال مارچ تک چھوڑاجائے گا۔انہوں نے کہاہمیشہ کی طرح ہم کافی مصروف ہیںانہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اسرو کی ٹیم اس موقع پر چیلنجس کا سامنا کرے گی اور ہر مشن کو کامیاب بنائے گی۔