اسمارٹ راشن کارڈ کے ذریعہ عوامی نظام تقسیم میں شفافیت کا منصوبہ

   

بنجارہ ہلز میں نئے راشن کارڈس کی تقسیم، وزیر محمد اظہر الدین کا خطاب
حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہر الدین نے کہا کہ اسمارٹ راشن کارڈس کی اجرائی کا مقصد عوامی نظام تقسیم میں شفافیت پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر غریب اور مستحق خاندان کو راشن کارڈ پر باریک چاول مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمارٹ راشن کارڈ کی اجرائی سے عوامی نظام تقسیم اور بھی بہتر ہوگا۔ اظہر الدین آج بنجارہ ہلز کے کمرم بھیم آدی واسی بھون میں اسمارٹ راشن کارڈس کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اظہر الدین نے کہا کہ کانگریس حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم اور صحت کے شعبہ میں عوام کو بہتر خدمات اور سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے۔ کانگریس حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی نہ صرف تکمیل کی بلکہ نئی اسکیمات کا آغاز کیا۔ فلاحی اسکیمات پر شفافیت کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر کی سہولت، راشن کارڈ پر مفت باریک چاول کی سربراہی اور اندراماں ہاوزنگ جیسی اسکیمات مثالی ہیں۔ اظہر الدین نے کہا کہ سابق حکومتوں نے غریبوں کو راشن کارڈس جاری نہیں کئے اور نہ ہی راشن شاپ سے عوام کو اناج مفت سربراہ کیا گیا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو حکومت کے اقامتی اسکولوں میں شریک کرائیں۔ تقریب میں رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، ارکان مقننہ پروفیسر کودنڈا رام، میر ذولفقار علی، کوثر محی الدین، نوین یادو، ڈی ناگیندر، سری گنیش، کلکٹر حیدرآباد پریانکا اعلیٰ، ایڈیشنل کلکٹر جتیندر ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ 1؍F