اسمبلی حلقہ سکندرآباد کے متاثرین میں آج سے امدادی رقم تقسیم کا آغاز

   

امدادی رقم میں غبن کرنے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی کا انتباہ ، ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ گوڑ
حیدرآباد :۔ ڈپٹی اسپیکر پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ 4 نومبر سے اسمبلی حلقہ سکندرآباد کے 5 بلدی ڈیویژنس میں بارش و سیلاب کے متاثرین میں فی خاندان 10 ہزار روپئے امدادی رقم تقسیم کئے جائیں گے ۔ متاثرین کی امداد میں غبن کرنے والوں کے خلاف فوجداری کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ ایک سال کی بارش شہر حیدرآباد میں صرف دو دن میں پڑی ہے ۔ جس سے بڑے پیمانے پر جانی مالی نقصانات ہوئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے راحت کاری کے اقدامات اور متاثرین کو راحت فراہم کرنے کے لیے 550 کروڑ روپئے جاری کئے ہیں تمام متاثرین میں فی خاندان 10 ہزار روپئے تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ چہارشنبہ سے اسمبلی حلقہ سکندرآباد کے 5 بلدی ڈیویژنس کے متاثرین 10 ہزار روپئے کی تقسیم کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے متاثرین سے اپیل کی کہ وہ امدادی رقم حاصل کرنے درمیانی افراد سے رجوع نہ ہو اور نہ کسی کو کچھ رقم دینے کی ضرورت ہے ۔ اگر درمیانی افراد مداخلت کرتے ہیں اور متاثرین میں تقسیم کی جانے والی امدادی رقم میں کچھ حصہ لینے کی کوشش کرتے ہیں تو ایسے افراد کے خلاف فوجداری کارروائی کی جائے گی ۔ پدما راؤ گوڑ نے کہا کہ 4 نومبر سے اڈہ گٹہ ، تارناکہ ، میٹو گوڑہ ، سیتا پھل منڈی ، بودھا نگر ڈیویژنس میں امدادی رقم تقسیم کرنے کا آغاز کیا جائے گا ۔۔