اسٹاک منڈیوں میں مندی، تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل سے متجاوز

   

کیف ۔ یوکرین میں روس کے خصوصی فوجی آپریشن کے اعلان کے بعد عالمی سطح پر اسٹاک مارکیٹ میں مندی دیکھی گئی ہے جب کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ خبر رساں ادارے اسوسیی ایٹیڈ پریس کے مطابق ٹوکیو اور سول کی حصص مارکیٹ میں دو فیصد جب کہ ہانگ کانگ اور سڈنی میں تین فی صد سے زائد گراوٹ دیکھی گئی ہے۔ جب کہ روس کی جانب سے تیل کی فراہمی میں ممکنہ تعطل کے پیشِ نظر فی بیرل تیل کی قیمتوں میں چار ڈالر تک کا اضافہ ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈالر کے مقابلے میں روسی کرنسی ربل کی قیمت میں پانچ فی صد تک کمی رپورٹ ہوئی ہے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے جمعرات کو یوکرین میں خصوصی فوجی آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشرقی یوکرین میں عام شہریوں کا تحفظ ضروری ہے۔ روس امریکہ اور اس کے اتحادیوں پر ماسکو کی سیکیورٹی ضمانتوں کی پیشکش اور یوکرین کی نیٹو میں شمولیت روکنے کے روسی مطالبے کو نظرانداز کرنے کے الزامات عائد کرتا رہا ہے۔