اسکائی وے کی تعمیر میں مرکز کا عدم تعاون اہم رکاوٹ: کے ٹی آر

   

کنٹونمنٹ میں اراضی کی ضرورت، حیدرآباد کی ترقی کیلئے ایک پیسہ بھی مدد نہیںکی گئی
حیدرآباد۔/30 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حکومت ایس آر ڈی پی اسکیم کے تحت اسکائی وے کی تعمیر کیلئے تیار ہے لیکن مرکزی حکومت اس معاملہ میں تعاون کرنے تیار نہیں۔ تلنگانہ حکومت نے کنٹونمنٹ علاقہ میں سڑکوں کی توسیع کیلئے اراضی الاٹمنٹ کی درخواست کی تھی لیکن تاحال کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ کے ٹی آر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 6 برسوں سے مرکز سے بارہا درخواست کے باوجود دہلی میں اقتدار میں موجود افراد نے کوئی توجہ نہیں کی۔ اسٹراٹیجک روڈ ڈیولپمنٹ پراجکٹ پر عمل کیلئے ٹوئٹر پر توجہ دہانی کے بعد کے ٹی آر نے یہ ٹوئیٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں جے بی ایس حدود میں اسکائی وے کی تعمیر کیلئے حکومت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے بی ایس سے الوال اور حکیم پیٹ جانے والی سڑک کافی تنگ ہے۔ اس پر ٹریفک کی زیادتی سے گاڑیوں کے گزرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔ ایک شہری نے اس جانب کے ٹی آر کی توجہ مبذول کرائی اور کہا کہ ایس آر ڈی پی کے تحت اس راہداری پر اسکائی وے کی تعمیر کی جاسکتی ہے۔ کے ٹی آر نے جواب میں حکومت کی آمادگی اور مرکز کے عدم تعاون کا ذکر کیا۔ اسکائی وے کی تعمیر کیلئے کنٹونمنٹ کے علاقہ میں اراضی کی ضرورت پڑے گی۔ اراضی کا معاوضہ ادا کیا جائے گا یا پھر حکومت متبادل اراضی فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ کے ٹی آر نے کہاکہ مرکزی حکومت نے حیدرآباد کیلئے ایک پیسہ بھی مدد نہیں کی ہے۔ حیدرآباد کی ترقی کیلئے مرکز سے 7800 کروڑ کا مطالبہ کیا گیا لیکن مرکز نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ گجرات کو فوری طور پر سیلاب کی امداد جاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ تلنگانہ کیلئے بجٹ کے سلسلہ میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں جدوجہد کریں گے۔ ر