اشرف غنی نقدی سے بھری کاریں اور ہیلی کاپٹر لے گئے

,

   

کابل : کابل میں روس کے سفارتخانے نے کہا ہے کہ خودساختہ جلا وطن افغان صدر اشرف غنی چار کاروں اور ایک ہیلی کاپٹر کو پیسوں سے بھر کر افغانستان سے فرار ہوئے اور وہ کچھ رقم اس لیے پیچھے چھوڑ گئے کیونکہ وہ کاروں اور ہیلی کاپٹر میں سما نہ سکی۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے روس کی سرکاری نیوز ایجنسی آر آئی اے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کابل میں روس کی ایمبیسی کے ترجمان نیکیتا ایشچینکو کا کہنا تھا کہ ’چار کاریں رقم سے بھری ہوئی تھیں۔انہوں نے باقی رقم ایک ہیلی کاپٹر میں رکھی، لیکن وہاں پوری نہیں آئی تھی۔ وہ باقی رقم وہیں چھوڑ گئے۔‘روئٹرز کے مطابق اس بات کی اطلاع نہیں ہے کہ اشرف غنی کہاں ہیں۔نیکیتا ایشچینکو نے روئٹرز کو اس بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یہ اطلاع ’عینی شاہدین‘ نے دی۔ تاہم روئٹرز آزادانہ طور پر اس دعوے کی تصدیق نہیں کر سکا۔روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی زمیر کابولوؤ نے کہا تھا کہ یہ واضح نہیں ہے کہ فرار ہونے والی افغان حکومت پیچھے کتنی رقم چھوڑ کر گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے امید ہے کہ فرار ہونے والی حکومت بجٹ کا تمام پیسہ نہیں لے گئی ہو گی۔ اگر کچھ چھوڑ گئے ہوئے تو بجٹ کے لیے بہتر ہوگا۔‘گذشتہ روز افغانستان کے صدر اشرف غنی کا ملک چھوڑنے بعد پہلا بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے خون ریزی روکنے کے لیے افغانستان چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔اشرف غنی کا اپنے فیس بک پیج پر جاری پیغام میں کہنا تھا کہ ’آج مجھے مسلح طالبان کے سامنے کھڑے ہونے جو صدارتی محل میں داخل ہونا چاہتے تھے یا اپنے پیارے ملک کو چھوڑ جانے میں سے ایک مشکل انتخاب کا سامنا تھا۔‘