اصلاحات سے کسانوں کیلئے نئے امکانات کے دروازے کھلیں گے

,

   

وزیر اعظم نریندر مودی کا پروگرام’’ من کی بات ‘‘میں اظہار خیال

نئی دہلی :وزیر اعظم نے کہا کہ زرعی اصلاحات سے کسانوں کیلئے نئے امکانات کے دروازے کھو لیں گے۔وزیر اعظم نریندر مودی اتوار کو اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام من کی بات کے ذریعہ عوام سے خطاب کیا۔ وزیر اعظم مودی نے اس خاص پروگرام میں زرعی قوانین کو لے کر بھی اپنی رائے پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ کس طرح نئے زرعی قوانین نے کسانوں کیلئے نئے امکانات کے راستے کھولے ہیں۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ زرعی قوانین سے کسانوں کو کافی فائدہ پہنچ رہا ہے اور کسانوں کو ان کے حقوق مل رہے ہیں۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہندوستان میں کھیتی اور اس سے وابستہ چیزوں کے ساتھ نئے باب جڑ رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں زرعی اصلاحات نے کسانوں کیلئے نئے امکانات کے دروازے کھولے ہیں۔ ان کے حقوق نے بہت ہی کم وقت میں کسانوں کی پریشانیوں کو کم کرنا شروع کردیا ہے۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ کافی غور و خوض کے بعد پارلیمنٹ نے زرعی اصلاحات کو قانونی شکل دی۔ ان اصلاحات سے نہ صرف کسانوں کی کئی بندشیں ختم ہوئی ہیں بلکہ نئے نئے حقوق بھی ملے ہیں ، نئے مواقع بھی ملے ہیں۔ وزیر اعظم نے من کی بات پروگرام میں مہاراشٹر کے دھولے ضلع کے کسان جتیندر بھائی جی کا بھی تذکرہ کیا ، جنہوں نے نئے زرعی قوانین کا استعمال کیا اور اپنی پریشانی دور کی۔انہوں نے’من کی بات پروگرام‘ کی شروعات وارنسی سے چوری ہونے والی دیوی انا پورنا کی قدیم مورتی کے کینیڈا سے واپس لائے جانے کی خوشخبری سے کی۔ یہ مورتی تقریبا 100 سال پہلے وارانسی کے ایک مندر سے چرائی گئی تھی۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ماتا اناپورنا کے مجسمے کی طرح ہی ہندوستانی ثقافتی ورثے کے بیش قیمتی چیزیں بھی بین الاقوامی گروہوں کا شکار ہوچکے ہیں۔ یہ گروہ انہیں بین الاقوامی مارکیٹ میں بہت زیادہ قیمت پر فروخت کرتے ہیں۔ اب ان پر سختی کی جارہی ہے اور ہندوستان نے ان کی واپسی کے لئے بھی کوششیں تیز کردی ہیں۔