افغان وزیر دفاع کی رہائش گاہ پر حملہ میں 12ہلاک

,

   

سلامتی دستو ں کی کارروائی میں ایک دن میں 116دہشت گرد ہلاک،کابل دفاعی تنصیبات کے قریب دھماکہ

کابل: افغانستان کے وزیر دفاع بسم اللہ خان محمدی کی رہائش گاہ پر منگل کی رات ہوئے حملے میں تمام چار حملہ آور اور آٹھ شہری مارے گئے ہیں۔وزارت دفاع کے ترجمان میر واعظ استانک زئی نے چہارشنبہ کو زنہوا کو بتایا کہ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے منگل کی شام وزیر دفاع بسم اللہ خان محمدی کے گھر کو نشانہ بناتے ہوئے ایک کار بم دھماکہ کیا۔ پانچ گھنٹے کے تصادم کے بعد تمام چاروں حملہ آور مارے گئے ۔ انہو ں نے بتایا کہ حملے میں ایک خاتون سمیت آٹھ شہری مارے گئے اور 20سے زیادہ دیگر زخمی ہوگئے ۔۔اس درمیان عوامی صحت وزارت کے ترجمان دست گیر ناظری نے نامہ نگاروں کے سامنے تصدیق کی کہ آٹھ لاشوں اور 22زخمیوں کو اسپتالوں میں لے جایا گیا۔پولیس محکمہ دس ضلع کے سخت حفاظتی انتظامات والے شرپور علاقہ میں واقع وزیر دفاع بسم اللہ خان محمدی کی رہائش گاہ پر نامعلوم دہشت گردوں کے ایک گروپ نے مقامی وقت کے مطابق منگل کی رات تقریباً پونے آٹھ بجے حملہ بول دیا جب وہ کچھ سیاسی اور موثر ہستیوں کے ساتھ میٹنگ کررہے تھے ۔مسٹر محمد ی نے اپنے مختصر پیغام میں حملے کو ‘بزدلانہ دہشت گردانہ حرکت’ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی اور کہاکہ اس طرح کے دہشت گردانہ حملے ملک کی دفاع کے لئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں ‘قومی سیکورٹی اورسلامتی دستوں’ کے ہمت و حوصلے کو کمزور نہیں کرسکیں گے ۔ تازہ میڈیا رپورٹوں کے مطابق طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے ۔ افغانستان کے سمنگن اور ہلمند صوبہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سلامتی دستوں کی فضائی کارروائی میں طالبان کے ایک چوٹی کے کمانڈر سمیت 116دہشت گرد مارے گئے جبکہ 30دہشت گرد زخمی ہوگئے ۔وزارت دفاع کے سینئر حکام فواد امن نے چہارشنبہ کو ٹوئٹ کرکے بتایا کہ سمنگن صوبہ کے دارہ۔سوف۔ بل ضلع میں منگل کی رات کی گئی فضائی کارروائی میں بامیان کے طالبانی گورنر مولوی انت سمیت 41دہشت گرد مارے گئے ۔ اس کارروائی میں بڑی تعداد میں ہتھیاروں کے ساتھ ان کی15گاڑیاں تباہ کردی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ اس درمیان، ہلمند صوبہ کی راجدھانی لشکر گاہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران فضائیہ کے فضائی حملے میں 75طالبانی مارے گئے اور 17دیگر زخمی ہوگئے ۔ افغان دارالحکومت کابل میں بدھ کے روز دفاعی تنصیبات کے قریب ایک زبردست دھماکہ ہوا ، جس میں کم از کم دو افراد زخمی ہوگئے ۔کابل پولیس کے ترجمان فردوس فارمرز نے ایک تحریری پیغام میں صحافیوں کو بتایا کہ پولیس ڈسٹرکٹ 10 میں صبح 8:15 بجے (مقامی وقت) ایک طاقتور دھماکہ خیز ڈیوائس میں دھماکہ ہوا ، جس سے دو افراد زخمی ہوگئے ۔ دھماکہ کابل ایئرپورٹ کے قریب ایک ایسے علاقے میں ہوا جہاں کئی اپارٹمنٹس اور عمارتیں واقع ہیں۔دریں اثناء غیر سرکاری ذرائع نے بتایا کہ نیشنل انٹیلی جنس ایجنسی کا ایک اہلکار بھی زخمیوں میں شامل ہے ۔ ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔