اقتدار میں آنے پر یکساں سول کوڈ نافذ کریں گے : دھامی

   

دہرادون ۔ اتراکھنڈ کے وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی نے ہفتہ کو کہا کہ اگر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اقتدار میں واپس آتی ہے تو وہ ریاست میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) کو نافذ کریں گے ۔ 14 فروری کو ہونے والے آئندہ انتخابات سے قبل اس کا اعلان کرتے ہوئے مسٹر دھامی نے کہا کہ 10 مارچ کے نتائج کے بعد جب ان کی پارٹی دوبارہ اقتدار میں آئے گی تو یکساں سول کوڈ کو نافذ کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ٹویٹ کیاکہ نئی بی جے پی حکومت کی حلف برداری کے فوراً بعد ریاست میں یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے کے لیے قانون سازوں، ریٹائرڈ عہدیداروں، دانشوروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے بتایاکہ اتراکھنڈ کی ثقافتی روحانی ورثے کے تحفظ کے لیے بی جے پی حکومت اپنی حلف برداری کے فوراً بعد ایک کمیٹی تشکیل دے کر یکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرے گی۔