اقلیتی اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس میں داخلے‘ کل سے درخواستوں کا ادخال

   

ہائی اسکول اور جونیر کالجس کی مخلوعہ نشستوں پر بھی داخلے ہوں گے

حیدرآباد۔/16 جنوری، ( سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کے حیدرآباد میں موجود 40 اقامتی اسکولوں میں پانچویں جماعت میں داخلوں کیلئے 18 جنوری سے درخواستیں طلب کی جارہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد الیاس احمد کے مطابق اقامتی اسکولس اور جونیر کالجس میں بیاک لاگ نشستوں پر بھی داخلوں کیلئے ٹمریز کی ویب سائیٹtmreistelangana.cgg.gov.in پر اقلیتی طلبہ کے علاوہ ایس سی، ایس ٹی ، بی سی اور او سی طبقات کے طلبہ درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ اسکولوں اور جونیر کالجس میں مسلمان، عیسائی، پارسی، جین، سکھ اور بدھسٹ طبقات کیلئے خصوصی کوٹہ الاٹ کیا گیا ہے۔ تعلیمی سال 2024-25 کیلئے چھٹویں، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں میں داخلے کیلئے درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کے بعد متعلقہ پرنسپالس کے پاس درخواستیں جمع کی جاسکتی ہیں۔ اقامتی جونیر کالجس میں انٹر میڈیٹ سال اول میں داخلوں کیلئے ٹمریز کیے طلبہ کو ترجیح دی جائے گی۔ پانچویں کلاس میں اقلیتی طلبہ کیلئے پہلے آؤ، پہلے پاؤ کی بنیاد پر جبکہ غیر اقلیتی طلبہ کیلئے لکی ڈرا کے ذریعہ انتخاب عمل میں آئے گا۔ چھٹویں، ساتویں اور آٹھویں جماعتوں کی بیاک لاگ نشستوں کیلئے اقلیتی طلبہ پہل کی بنیاد پر داخلہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انٹر میڈیٹ جنرل اور وکیشنل کے علاوہ ایس ایس سی میں جی پی اے اسکور اور میرٹ کی بنیاد پر انتخاب عمل میں آئے گا۔ انٹر میڈیٹ کیلئے اسکریننگ ٹسٹ کے بعد انٹرویو ہوگا۔ ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے مطابق امیدواروں کا انتخاب سرٹیفکیٹ کی جانچ اور دیگر امور کی تکمیل کے بعد پانچویں جماعت کیلئے 24 اپریل تا 30 اپریل مکمل کیا جائے گا۔ چھٹویں تا آٹھویں بیاک لاگ نشستوں اور انٹر میڈیٹ سال اول کیلئے داخلوں کا عمل یکم مئی تا 10 مئی مکمل کیا جائے گا۔ اسکریننگ ٹسٹ جونیر کالجس کے امیدواروں کیلئے 25 فروری کو منعقد ہوگا۔1