اقلیتی اقامتی اسکولوں کی کارکردگی قابل ستائش

   

بہادر پورہ گرلز اسکول کا نائب صدر نشین قومی اقلیتی کمیشن نے دورہ کیا
حیدرآباد۔ نائب صدر نشین قومی اقلیتی کمیشن عاطف رشید نے نواب صاحب کنٹہ میں واقع اقلیتی اقامتی اسکول بہادر پورہ ( گرلز ) کا معائنہ کیا اور ریاست میں اقامتی اسکولوں کی کارکردگی کی ستائش کی۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ نے اسکول کا معائنہ کرایا اور غریب طلبہ کو حکومت کی جانب سے مفت معیاری تعلیم وکارپوریٹ طرز کی سہولتوں کی فراہمی سے واقف کرایا۔ نائب صدر نشین نے اقامتی اسکول کے طلبہ کی جانب سے مختلف اختراعی پروگراموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کلاس رومس، ویلنیس سنٹر، ڈائننگ ہال اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وہ اسکول کی کارکردگی سے بے حد متاثر ہوئے۔ انہوں نے سوسائٹی کے عہدیداروں اور اسکول عملے کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مفت تعلیم کی فراہمی کے ذریعہ طالبات کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے مسرت کا اظہار کیا کہ مسلم لڑکیاں جن کا تعلق غریب خاندانوں سے ہے وہ تعلیمی شعبہ میں بہتر مظاہرہ کررہی ہیں۔ انہوں نے ٹمریز اسکولوں میں معیاری تعلیم و ہاسٹل سہولتوں کو سراہا۔ انہوں نے انگلش میڈیم میں مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی کیلئے حکومت کو مبارکباد پیش کی۔ اس دورہ میں سنٹرل وقف کونسل رکن حنیف علی و کمیشن کے دیگر عہدیدار شریک تھے۔