اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری کا تیقن

   

اوورسیز اسکالرشپ جاری کی جائے، اسمبلی میں مجلس کا مطالبہ
حیدرآباد: وزیر داخلہ محمد محمود علی نے اوورسیز اسکالرشپ اسکیم اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری کا تیقن دیا ۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مجلس کے احمد بلعلہ نے اوورسیز اسکالرشپ کی عدم ادائیگی اور اقلیتی فینانس کارپوریشن کی کارکردگی ٹھپ ہوجانے کی شکایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں اقلیتی اداروں کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اوورسیز اسکالرشپ کے تحت بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے جانے والے طلبہ پریشان ہیں کیونکہ حکومت نے اسکالرشپ کی رقم جاری نہیں کی۔ بیرونی ممالک میں یہ طلبہ تعلیمی فیس کی ادائیگی کے لئے رقم سے محروم ہے۔ انہوں نے اسکالرشپ کی عاجلانہ اجرائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کمپنیوں میں گھر سے کام کے آغاز کے نتیجہ میں کیاب ڈرائیورس معاشی مسائل کا شکار ہیں۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن سے چھوٹے قرضہ جات کی اجرائی روک دی گئی ہے جبکہ شادی مبارک اور دیگر اسکیمات کے لئے فنڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن کو متحرک کرتے ہوئے چھوٹے قرضہ جات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کو موجودہ حالات میں بہتر انداز میں مدد کے لئے اقلیتی فینانس کارپوریشن کی اسکیمات پر عمل آوری ضروری ہے۔