اقلیتی کمیشن کے نئے سربراہ بنے اقبال سنگھ لال پورا

,

   

نئی دہلی۔سابق ائی پی ایس افیسر اور بی جے پی کے قومی ترجمان سردار اقبال سنگھ لال پورا نے جمعہ کے روز قومی کمیشن برائے اقلیتیں (این سی ایم) صدر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرلیاہے‘ اس موقع پر اقلیتی امور کے مرکزی وزیرمختار عباس نقوی بھی موجود تھے۔

لال پورا کو ان کی نئی ذمہ داریوں پر نقوی نے مبارکباد پیش کی اور کہاکہ انتظامیہ‘ سماجی اور ثقافتی شعبہ میں ان کے بڑے تجربے سے وزیراعظم مودی کے وعدے ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ سب کا وشواس‘ سب کا پریاس‘‘ کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔

مذکورہ منسٹر نے کہاکہ ”حکومت کے تمام طبقات کو خود مختار بنانے کی کوششیں زمین پر دیکھائی دے رہی ہیں۔ مذکورہ حکومت نے ایس ائی ٹی کے قیام کے ذریعہ 1984کے فسادات متاثرین کے ساتھ انصاف کو یقینی بنانے کاکام کیاہے“۔

نقوی نے مزیدکہاکہ طویل عرصہ سے زیر التوا کرتا پور کواریڈار پوراکرلیاگیا ہے اور حکومت نے ”گرودوارہ سرکٹ ٹرین‘‘ شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیاہے ملک بھر کے عقیدت مندوں کو لے کر جائے گی۔

لال پورا نے کہاکہ وزیراعظم نے انہیں ایک موقع عوام کی خدمت کرنے کا دیا ہے وہ سوسائٹی کے لئے ایک بہترین خدمت انجام دینے کی کوشش کریں گے۔