اقوام متحدہ کا غزہ کیلئے 2.8 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی اپیل

   

اقوام متحدہ: اقوام متحدہ نے بدھ کو غزہ اور مغربی کنارے کے لیے 2.8 ارب ڈالر کی فنڈنگ کی اپیل کر دی ہے ۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے کی 31 لاکھ آبادی کے لیے فوری امداد کی ضرورت ہے ، او سی ایچ اے کے مطابق شمالی غزہ کے بازاروں میں بنیادی غزائی اشیا کی شدید کمی ہے ۔اقوام متحدہ نے غزہ کی پٹی میں اُن 23 لاکھ فلسطینیوں کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرائی ہے ، جن کے متعلق ‘غذائی عدم تحفظ’ کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ وہ 6 ماہ سے زیادہ کی شدید اسرائیلی بمباری اور ایک زمینی کارروائی کے بعد قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔منگل کو غزہ شہر میں ایک پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی فورسز کے میزائل حملے میں درجن سے زائد فلسطینیوں کے مارے جانے کی اطلاعات ہیں، یو این ویب سائٹ کے مطابق دیر البلح کے الاقصیٰ اسپتال سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو میں مغازی پناہ گزین کیمپ پر حملے کے بعد زخمی اور شہید ہونے والے بچوں کو دیکھا جا سکتا ہے ۔