اقوام متحدہ کے سربراہ کی پوٹن اور زیلنسکی سے ملاقات کی درخواست

   

نیویارک : اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے روس اور یوکرین کے صدور سے اپنے اپنے دارالحکومتوں میں ملاقاتیں کرنے کی درخواست کی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترجمان اشٹیفان ڈوجاری کے مطابق یوکرین میں جنگ کے بگڑتے ہوئے حا لات کے پیش نظر گوٹیرش نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور ان کے یوکرینی ہم منصب صدر وولودیمیر زیلنسکی کو بھیجے گئے خطوط میں یہ بات کہی کہ وہ دونوں رہنماؤں سے ملنا چاہتے ہیں۔ 24 فروری کو یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے اقوام متحدہ بڑی حد تک متاثر ہوا ہے کیونکہ جنگ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان امریکا، فرانس، برطانیہ، چین اور روس کو تقسیم کر دیا ہے۔