اللہ کی طرف سے دعوت آنے والے ہی کو ملتی ہے حج و عمرہ کی سعادت

   

ملک میں امن و خوشحالی اور ظلم کے خاتمہ کیلئے عازمین سے دعا کی درخواست ، نرمل میں تہنیتی تقریب ،جناب عامر علی خان کا خطاب
نرمل۔ 30 اپریل (جلیل ازہر کی رپورٹ) حج اسلام کے ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے۔ یہ وہ مقدس سفر ہے جس میں بندہ اپنے رب کے گھر کا مہمان بنتا ہے۔ حج پر جانے والوں (عازمین حج) کا سفر حج ان کیلئے ایک عظیم سعادت ہے۔ اس لئے کہ اللہ کی طرف سے دعوت آنے والے ہی کو ملتی ہے حج و عمرہ کی سعادت، آپ لوگ ملک میں امن و خوشحالی اور ظلم کے خاتمہ کیلئے کثرت سے دعائیں کریں۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خان نے آئیڈیل اسکول اسریٰ کالونی نرمل میں عازمین حج کی تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں انہوں نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سفر حج ایک عظیم سعادت ہے اور مغفرت کا ذریعہ ہے۔ اس مبارک سفر پر جانے والے لوگ جنہیں اللہ کا مہمان کہا جاتا ہے، جب پاک سرزمین مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوتے ہیں تو ان کی دعائیں اللہ کے ہاں خاص قبولیت کا درجہ رکھتی ہیں۔ اس لئے مسلمانوں کیلئے یہ ایک روایتی اور دینی ضرورت ہے کہ وہ عازمین حج سے اپنے اپنے اہل خانہ کی اور اُمت مسلمہ کی کامیابی کیلئے دعائیں کریں۔ احادیث کے مطابق اللہ کے مہمانوں کی دعائیں رد نہیں ہوتی۔ میں یہی کہوں گا کہ آپ اللہ کے مہمان بن کر جارہے ہیں، میری دعائیں، نیک تمنائیں آپ عازمین کے ساتھ ہیں۔ اللہ آپ کو خیر و عافیت سے لے جائے اور بخیر و عافیت واپس لائے۔ میری درخواست ہے کہ عرفات کے میدان میں اور غلاف کعبہ کو پکڑ کر میری اور میرے اہل خانہ اور امت مسلمہ کی ہر پریشانی کے حل اور تمام جائز حاجات کی قبولیت کے لئے ضرور دعائیں کریں، کیونکہ حج مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور مساوات کی علامت ہے، اس لئے کہ حج پر جانے والے افراد سے دعا کی درخواست کرنا ایک بہت ہی فضیلت والا عمل ہے۔ یہ ہمیں اللہ کے قریب ہونے اور اپنے مسائل کے حل کیلئے ایک دوسرے کا سہارا بننے کا موقع دیتا ہے۔ اللہ پاک تمام حجاج کا حج قبول فرمائے اور امت مسلمہ کی دعاؤں کو اپنی بارگاہ میں قبولیت کا درجہ عطا فرمائے۔ آخر میں جناب عامر علی خان نے آئیڈیل اسکول کے انتظامیہ بالخصوص شیخ شبیر، ذیشان شیخ کو اس تقریب کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ شہ نشین پر سینئر کانگریس قائد انیس احمد خان، محمد زاہد علی مالک آئی اے فنکشن ہال، محمد افتخار علی ایڈوکیٹ و دیگر موجود تھے۔ جلسہ کی کارروائی شیخ شبیر نے چلائی۔ جناب عامر علی خان کی آمد پر اسکول انتظامیہ نے ان کا شاندار خیرمقدم کیا۔