ووٹ کا حق چھیننا جمہوریت پر حملہ، SIR کی مہم فوری روک دینے کا مطالبہ
حیدرآباد۔2 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ و ایم ایل سی پروفیسر کودنڈا رام نے الیکشن کمشنران آف انڈیا کی کارکردگی اور طرز عمل پر سخت تنقید کی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دستور نے الیکشن کمیشن کو مکمل خود مختاری اور آزادی دی ہے لیکن الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے اقتدار میں بیٹھے لوگوں کی منشاء کے مطابق کام کر رہا ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے مطالبہ کیا کہ ووٹر لسٹوں کی جامع نظرثانی کارروائی میں جاری سنگین بے ضابطگیوں کے پیش نظر SIR کے عمل کو فوری طور پر روک دیا جائے ۔ کودنڈا رام نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورتی اجلاس منعقد کئے بغیر دستور کی روح کے خلاف یکطرفہ فیصلے کر رہا ہے ، جس سے جمہوری اقدار اور اداروں کے وقار کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں سے ان کی مرضی کے بغیر ووٹ کا بنیادی حق چھینا جارہا ہے جبکہ ووٹ کا حق ہی عوام کے تمام بنیادی حقوق کی ضمانت ہوتا ہے۔ پروفیسر کودنڈا رام نے واضح کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا موجودہ کام کا طریقہ کار مکمل بے قاعدگیوں پر مبنی ہے ۔ ووٹر لسٹوں کی درستگی اور ایس آئی آر کا عمل سپریم کورٹ کی طئے شدہ گائیڈ لائینس اور رہنمایانہ اصول کے مطابق ہی انجام دیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کی خلاف ورزی کا یہ سلسلہ بند نہ ہوا تو الیکشن کمیشن کے خلاف ریاست بھر میں بڑے پیمانہ پر احتجاجی مہم چلائی جائے گی۔ 2/k/m/b