امبیڈکر اوپن یونیورسٹی کے کتابوں کے گودام میں آتشزدگی

   

کتابیں جزوی طور پر جل کر خاکستر ، پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد ۔ /11 اپریل (سیاست نیوز) جوبلی ہلز میں واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر یونیورسٹی کے کتابوں کے گودام میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ۔ سرکاری ذرائع کے بموجب آج صبح 11 بجکر 47 منٹ کو فائر کنٹرول کو ایک شکایت موصول ہوئی جس میں امبیڈکر یونیورسٹی واقع روڈ نمبر 45 جوبلی ہلز میں آگ لگنے کی اطلاع دی گئی ۔ فلم نگر فائر اسٹیشن سے وابستہ ایک فائر انجن فوری یونیورسٹی پہونچ کر کتابوں کے گودام میں لگی آگ کو قابو میں لانے کی کوشش کی ۔ اسی دوران مادھاپور فائر اسٹیشن سے وابستہ ایک اور فائر انجن کو بھی وہاں طلب کرلیا گیا اور تقریباً دو گھنٹوں کی کوششوں کے بعد فائرانجن عملہ نے آگ پر قابو پالیا ۔ فلم نگر فائر اسٹیشن کے فائر آفیسر چندرشیکھر بابو نے بتایا کہ یونیورسٹی کے کتابوں کے گودام میں آگ لگنے کی اطلاع پر وہ اندرون چند منٹ جائے حادثہ پر پہونچ گئے اور آگ پر قابو پالیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں کتابوں کا گودام جزوی طور پر جلکر خاکستر ہوگیا ہے ۔ مادھاپور پولیس کے سب انسپکٹر رام موہن ریڈی نے بھی بتایا کہ آگ لگنے کے واقعہ کے بعد پولیس پٹرولنگ گاڑی کو وہاں متعین کردیا گیا تھا اور اس سلسلے میں تحقیقات جاری ہے اور آگ لگنے کی وجہ کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔