امراوتی کے کسانوں کا احتجاج 50ویں دن میں داخل

   

حیدرآباد5 فروری ( یو این آئی) ریاست کے تین دارالحکومتوں کے اقدام کے خلاف آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کا احتجاج 50ویں دن میں داخل ہوگیا ہے ۔آج بھی کسان،پلے کارڈس کے ساتھ احتجاج کررہے ہیں اور ریاست کے تین نئے دارالحکومتوں کے حکومت کے قدم کو نامناسب قرار دیتے ہوئے اس کو فوری واپس لینے کامطالبہ کررہے ہیں۔کسانوں نے ایک ریاست اور ایک دارالحکومت کانعرہ دیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ریاست کے تین دارالحکومتوں سے ترقی کو غیر مرکوز کرنے سے متعلق حکومت کے دعوے کھوکھے ہیں۔ دارالحکومت کے علاقوں مندڈم، ویلگا پوڑی، رایاپوڑی، پداپریمی، کرشنیا پالیم کے کسانوں کا احتجاج جاری ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تین دارالحکومتوں کے قدم سے فوری دستبرداری اختیار کی جائے اور ان کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔