امریکہ آنے والی حاملہ خواتین کیلئے ویزا قوانین میں سختی

   

واشنگٹن ۔ 23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ٹرمپ انتظامیہ اب ’’برتھ ٹورازم‘‘ پر کنٹرول کرنے یا اس پر پابندی عائد کرنے ویزا قوانین میں مزید سختی لانے والا ہے جس کے تحت ایسی حاملہ خواتین جو محض بچہ کی پیدائش کیلئے امریکہ کا رخ کرتی ہیں تاکہ پیدا ہونے والے بچہ کو امریکہ میں پیدا ہونے پر ازخود شہریت مل جائے اور وہ امریکی پاسپورٹ کا حامل ہوجائے۔ اس نوعیت کے ویزا درخواست گزاروں سے قونصلیٹ عہدیداروں نے واضح طور پر کہہ دیا ہیکہ حاملہ خواتین کو بھی دیگر بیرونی ممالک کے سیاحوں کی طرح سمجھا جائے گا جو صرف طبی علاج کیلئے امریکہ آتے ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط میں یہ بات کہی گئی۔ اب درخواست گزاروں کو یہ ثابت کرنا پڑے گا کہ وہ واقعتاً طبی علاج کیلئے امریکہ آرہے ہیں اور ان کے پاس علاج کروانے کیلئے درکار رقم موجود ہے۔