امریکہ اور چین کا کشیدگی کم کرنے پر تبادلہ خیال

   

بیجنگ : امریکی نائب وزیر خارجہ خارجہ وینڈی شرمین وفد کے ساتھ چین کے دور ے پر پہنچ گئیں۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین کے شہر تیانجن میں انہوں نے چینی ہم منصب کے ساتھ مذاکرات کا افتتاح کیا۔ ان مذاکرات میں سائبر سیکورٹی، انسانی حقوق سے متعلق معاملات اور تجارتی امور پر بات چیت ہو گی۔دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکہ چین کو برا بھلا کہہ کر اپنے داخلی مسائل میں بیجنگ کو مورد الزام ٹھہرانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ہم امریکہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اپنی گمراہ کن ذہنیت اور خطرناک پالیسی کو تبدیل کرے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ واشنگٹن چین کو دشمن تصور کرتا ہے۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب سے ملاقات میں واضح کیا کہ امریکہ داخلی مسائل میں بیجنگ کو گھسیٹنا بند کردے۔ نائب وزیر خارجہ ڑائی فینگ نے دونوں ممالک کے تعلقات کو شدید مشکلات سے دوچار قرار دیتے ہوئے کہا کہ چینی عوام امریکہ کے منفی بیان بازی کو برتری حاصل کرنے کی اوچھی کوشش سمجھتے ہیں۔ادھر امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین نے بھی امریکی تحفظات کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے چین کی جانب سے سائبر کرائم، معاشی پابندیوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی پر آوازاٹھائی۔