امریکا میں کرونا وائرس کی لپیٹ میں آنے والے افراد کی تعداد میں اضافہ جاری ہے۔ جونز ہوپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جمعے کی شب جاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک امریکا میں کرونا وائرس کے رجسٹرڈ کیسوں کی تعداد 700282 ہو چکی ہے۔ ان میں 36773 افراد دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز اعلان کیا ہے کہ خطیر لاگت کے باوجود آئندہ سے ہر ہفتے کرونا کے 50 لاکھ سے زیادہ ٹیسٹ فراہم کیے جائیں گے۔ کرونا وائرس کے بحران سے متعلق ایک کانفرنس میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 کے ٹیسٹ کی تعداد میں بھرپور اضافہ ملک کو جلد دوبارہ کھولنے میں معاون ثابت ہو گا۔

امریکی صدر نے کرونا کی وبا کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں کاشت کاروں کے واسطے 19 ارب ڈالر کی امداد کا بھی اعلان کیا۔ امریکی وزیر زراعت کے مطابق ان میں 16 رب ڈالر براہ راست کاشت کاروں کے پاس جائیں گے جب کہ 3 ارب ڈالر کی رقم سے غذائی مواد اور خوراک خرید کر غریب ترین کاشت کاروں میں تقسیم کی جائے گی۔

صدر ٹرمپ نے توقع ظاہر کی ہے کہ امریکا میں کرونا کے سبب اموات کی تعداد 65 ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔

ادھر نائب صدر مائیک پینس کا کہنا ہے کہ “ہم توقع رکھتے ہیں کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران امریکا میں کرونا وائرس کے کیسوں کی تعداد میں کمی کا رجحان دیکھا جائے گا”۔