امریکہ کا چین کو دشمن تصور کرنا قابل مذمت

   

بیجنگ: چینی دفتر خارجہ نے چین کے خلاف امریکی بل کی منظوری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بل سرد جنگ اور نظریاتی تعصب سے بھرا ہوا ہے۔ ترجمان چینی دفتر خارجہ ڑاو لیجیان نے کہا کہ امریکہ کا چین کو دشمن تصور کرنا قابل مذمت ہے امریکہ خود کے لیے سب بڑا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کہا کہ چین نے ہمیشہ پرامن ترقی کا راستہ اختیار کیا اور اسی راستے پر گامزن رہیں گے۔امریکی سینیٹ نے ٹیکنالوجی اور صنعتی میدان میں چین کا مقابلہ کرنے کیلیے بل منظور کیا ہے۔ واشنگٹن حکومت چین کے بڑھتے ہوئے عالمی عزائم اور اثر و رسوخ سے بہت پریشان ہے۔ اس سلسلے میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز نے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈالتے ہوئے صنعت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں چین کا مقابلہ کرنے کے لیے 170 ارب ڈالر کے فنڈ کو منظوری دی ہے۔ اس پیش رفت کو امریکی پارلیمان میں صدر جو بائیڈن کی سب سے اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔ سینیٹ میں پیش کیے گئے بل کے حق میں 68 ارکان نے ووٹ دیے جب کہ 32 نے اس کی مخالفت کی۔ سینیٹ کے رکن شوک شومر کا کہنا تھاکہ حالیہ اقدام سائنسی تحقیقات اور تکنیکی اختراعات میں اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔ بل کو اب منظوری کے لیے ایوان نمایندگان میں پیش کیا جائے گا۔