واشنگٹن : ایرانی پٹرولیم شعبہ پر عائد پابندیوں میں امریکہ نے توسیع کردی۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکہ کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے ردعمل میں ایران کے پٹرولیم اور پٹروکیمیکل کے شعبوں پر عائد کی گئی پابندیوں میں توسیع کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں امریکی محکمہ خزانہ نے کہا کہ اسرائیل پر میزائل حملوں کے جواب میں امریکہ نے ایران کے پٹرولیم اور پٹروکیمیکل شعبوں پر عائد پابندیوں میں مزید توسیع کردی ہے۔ اس سے ایران پر مالی دباؤ پڑے گا۔ پابندیوں سے ایران کو خطہ کا امن خراب کرنے، امریکی شراکت داروں اور اتحادیوں پر حملوں کے لیے توانائی کے شعبہ سے حاصل ہونے والے سرمایہ کے مواقع محدود ہوں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس فیصلہ کے تحت محکمہ خزانہ ایرانی معیشت کے پٹرولیم اور پٹروکیمیکل شعبہ میں کام کرنے والے کسی بھی فرد پر پابندی عائد کرے گی۔