امریکی بحری اڈے پر فائرنگ، 4ہلاک، 11زخمی

,

   

واشنگٹن 

امریکا میں نیول ایئربیس پر موجود سعودی ایئر فورس کے اہلکار نے فائرنگ کرکے تین امریکی اہلکاروں کو ہلاک اور 12 کو زخمی کردیا جوابی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا کے شہر پنساکولا میں واقع نیول ایئر بیس پر موجود سعودی ایئر فورس کے اہلکار نے فائرنگ کرکے تین افراد کو ماردیا جب کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔

ریاست فلوریڈا کے گورنر اور دیگر اہلکاروں نے بتایا ہے کہ مشتبہ حملہ آور سعودی فضائیہ کا اہلکار تھا، جو فوجی تربیت کے حصول کے لیے امریکہ میں تھا۔

بحریہ اور مقامی پولیس ذرائع کے مطابق، حملے کا یہ واقعہ پینساکولا کے بحری اڈے پر پیش آیا جس میں حملہ آور سمیت چار افراد ہلاک ہوئے۔

اس ہفتے امریکی فوجی تنصیب پر گولیاں چلنے کا یہ دوسرا مہلک واقعہ ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے شاہ سلمان نے ان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس دوران انھوں نے ہلاک ہونے والوں کے لیے تعزیت اور زخمیوں سے ہمدری کا اظہار کیا۔

ٹرمپ نے ٹوئٹر پیغام میں بتایا کہ ’’بادشاہ نے کہا کہ حملہ آور کی اس وحشیانہ حرکت نے سعودی عوام کو شدید برہم کیا ہے؛ اور ایسا عمل کرنے والا شخص کسی طور پر بھی سعودی عوام کے جذبات کی نمائندگی نہیں کرتا، جو امریکی عوام کو چاہتے ہیں‘‘۔

فلوریڈا کے گورنر، رون دے سانتس نے بتایا ہے کہ مشتبہ شخص سعودی شہری تھا جو بحری اڈے پر تربیت حاصل کر رہا تھا۔

پولیس کے سربراہ، ڈیوڈ مورگن نے کہا ہے کہ ’’جائے واردات دیکھنے کے بعد یوں لگا جیسے کسی فلم کے سیٹ کا منظر ہو‘‘۔