امریکی جنرل کے مجسمے کے نیچے دفن 130 برس پرانا باکس دریافت

   

ورجینیا: امریکہ میں کنفیڈریٹ جنرل کے مجسمے کی بنیاد کو توڑنے والے کارکنان نے پیر کو ایک تانبے کا ڈبہ دریافت کیا ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اسے 130 برس پہلے دفن کیا گیا تھا۔ اسے منگل کو کھولا جائے گا۔امریکی ریاست ورجینیا کے گورنر ریلف نارتھیم نے ٹویٹ کی کہ ’انہوں نے اسے ڈھونڈ لیا ہے۔ یہ ممکنہ طور پر وہ ٹائم کیپسیول ہے جس کی سب کو تلاش تھی۔‘واضح رہے کہ ٹائم کیپسیول سے مراد ایسا کنٹینر ہے جس میں تاریخی اشیاء ہوتی ہیں اور انہیں مستقبل میں دریافت کے لیے دفن کیا جاتا ہے۔خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سال 1887 میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹائم کیپسیول جنرل رابرٹ لی کے مجسمے کے نیچے دفن تھا اور اس میں بٹن اور گولیوں جیسی اشیا، کانفیڈریٹ کی کرنسی، نقشے، مقتول صدر ابراہم لنکن کی نایاب تصویر اور دیگر چیزیں موجود ہیں۔جنرل رابرٹ لی نے خانہ جنگی کے دوران شمالی ورجینیا کی فوج کی سربراہی کی تھی۔