اولینا زیلنسکی کے ساتھ مدرز ڈے کے موقع پر ملاقات
کیف :یوکرین کے لیے امریکہ کی سیاسی حمایت کی ایک مضبوط علامت کے طورپر امریکی خاتون اول جل بائیڈن غیر اعلانیہ دورے پر یوکرین پہنچی ہیں۔ جِل بائیڈن نے کل یوکرین کی خاتون اول اولینا زیلنسکی کے ساتھ مدرز ڈے کے موقع پر ملاقات سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔یہ دورہ امریکی سیاسی اور عسکری قیادت کے اعلیٰ سطحی دوروں کے سلسلے میں تازہ ترین پیش رفت ہے، جن میں ہاؤس کی اسپیکر نینسی پیلوسی، سیکریٹری آف اسٹیٹ انٹونی بلنکن اور سیکریٹری دفاع لائیڈ آسٹن شامل ہیں۔جل بائیڈن نے سڑک کے ذریعے سلوواکیہ سے یوکرین کی سرحد پر واقع گاؤں ازہورود تک کا سفر کیا۔امریکی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ خاتون اول بائیڈن نے زیلنسکی سے ایک اسکول میں ملاقات کی جسے بے گھر یوکرینیوں کے لیے پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔زیلنسکی سیاہ رنگ کی ایس یو وی سے باہر نکلی جس کی حفاظت یوکرینی فوجی دستے کے پاس تھی۔ جل نے انہیں گل دستہ پیش کیا اور گلے لگایا۔
اس کے بعد دونوں میں ایک چھوٹے سے بند کمرے میں ایک گھنٹے تک بات چیت ہوئی۔