حیدرآباد 14 نومبر ( سیاست نیوز ) امریکی قونصل خانہ حیدرآباد کے امریکی میرینس کے ارکان نے آج امریکی میرینس کارپس کے 246 ویں یوم تاسیس کے موقع پر منقعدہ تقریب میں شرکت کی جس میں قونصل خانہ کے دوسرے ملازمین اور ہندوستان کے مشرقی بیڑے کے رئیر اڈمیرل ترون سوبتی نے بھی حصہ لیا ۔ قونصل جنرل امریکہ متعینہ حیدرآباد جوئل ریفمن نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں حیدرآباد میں اولین میرین بال کے انعقاد پر فخر ہے ۔ ہر نومبر امریکی میرینس کی جانب سے یوم تاسیس کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے ۔ اس موقع پر بیرونی ممالک میں بھی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔ در اصل امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یہ سلسلہ شروع کیا گیا ہے کہ دنیا بھر میں امریکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں میں سالانہ میرین بال کا انعقاد عمل میں لایا جائے ۔ جون 2020 میں امریکی میرین کارپس سکیوریٹی گارڈز کی حیدرآباد میں امریکی قونصل خانہ آمد ہوئی تھی امریکی میرین کارپس 1948 سے امریکی سفارتخانوں اور قونصل خانوں کی سکیوریٹی کو یقینی بناتے رہے ہیں ۔ سکیوریٹی گارڈم عمومی طور پر سفارتخانہ و قونصل خانہ کے عملہ کی حفاظت اور آلات وغیرہ کی حفاطت کے ذمہ دار بھی ہوتے ہیں۔