امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور اہلیہ کی تاج محل کے روبرو تصویر کشی

   

ایرانی سفارتخانہ کا طنز۔ امریکہ اسی تہذیب کو مٹانے کی دھمکی دے رہا تھا
حیدرآباد۔26۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تاج محل کے روبرو امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی اپنی اہلیہ کی ہمراہ تصویر کھنچوانے پر ایرانی قونصل خانہ حیدرآباد نے اپنے X کھاتہ کے ذریعہ طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’تاج محل‘ اسی تہذیب کی شاہکار عمارت ہے جسے امریکہ مٹانے کی بات کر رہا تھا۔قونصل خانہ ایران حیدرآباد کے ٹوئیٹ میں کہاگیا کہ مغل دور کے اس تعمیری شاہکار کے روبرو تصویر کشی سے قبل مارکوروبیو کو اس عمارت کی تاریخ سے واقفیت حاصل کرلینی چاہئے تھی کیونکہ ’تاج محل ‘ ایرانی معماروں کے فن تعمیر کا شاہکار نمونہ ہے جو مغل بادشاہ نے اپنی ایرانی نژاد بیوی کیلئے تعمیرکروایا تھا۔قونصل خانہ نے کہا کہ اگر امریکی وزیر خارجہ ’تاج محل‘ کی تاریخ کے متعلق معلوما ت حاصل کرلیتے تو شائد ’تاج محل‘ کے روبرو تصویر کشی نہ کرواتے ۔اپنے پیام میں ایرانی سفارتی مرکز نے کہا کہ جو لوگ ایرانی تہذیب کو مٹانے کی بات کر رہے تھے وہ اب ہندوستان میں موجود ’ایرانی تہذیب‘ کے فن تعمیرشاہکار کے روبرو ’فخریہ ‘ انداز میں تصویر کشی کروارہے ہیں۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے دورۂ ہندستان کے دوران ’تاج محل‘ کے روبرو اپنی اہلیہ کے ساتھ تصویر کشی کروائی تھی اور اس کے بعد سے وہ ایران کے نشانہ پر ہیں۔ ایرانی سفارتی عہدیداروں کا کہناہے کہ جو لوگ ایران کو ایران کی تہذیب اور تمدن مٹانے اور کی دھمکی دے رہے تھے وہ آج ایرانی تہذیبی و تعمیری شاہکار کے روبرو تصویر کشی کروا رہے ہیں۔مارکو روبیو اپنی اہلیہ جینیٹ روبیو کے ہمراہ 4 روزہ دورۂ پر ہندوستان میں تھے اور اس دوران انہوں نے ’تاج محل‘ کا دورہ کرکے مغلیہ دور کی اس خوبصورت تاریخی عمارت کو’ دنیا میں محبت کی عظیم یادگاروں میں سے ایک ‘ قرار دیا تھا۔3/k/b