امیت شاہ اور ہرش وردھن کی آج کجریوال اور دیگر سے ملاقات

   

دہلی میں کورونا وائرس کی سنگین صورتحال اور حکومت کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع

نئی دہلی ۔13جون( سیاست ڈاٹ کام ) قومی دارالحکومت دہلی میں مہک وباء کورونا وائرس سے صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے ۔تاحال دہلی میں کورونا وائرس کے تقریباً40ہزار مریض ہیں جبکہ اس سے مرنے والوں کی تعداد 1214ہوگئی ہے ۔دہلی میں جمعہ کو پہلی مرتبہ دو ہزار سے زیادہ نئے کیسز درج کئے گئے ہیں جو انتہائی تشویش کی بات ہے ۔مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن نے اتوار 14جون کو چیف منسٹر دہلی اروند کیجریوال اور دہلی کے لفٹننٹ گورنر انیل بائیجل سے ملاقات کرنے کا پروگرام بنایا ہے ۔ توقع ہے کہ اس اجلاس میں دہلی میں کورونا وائر س کی سنگین صورتحال اور حکومت کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا ۔اجلاس میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کے ارکان بھی شرکت کریں گے ۔وزارت داخلی امور کے ٹوئیٹ میں بتا یا گیا ہے کہ آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس (ایمس) کے ڈائرکٹر ڈاکٹر رندیپ گولیریا بھی اس موقع پر موجود ہوںگے ۔چیف منسٹر کجریوال کے کورونا ٹسٹ میں منفی پائے جانے کے بعد امیت شاہ اور کجریوال کی چہارشنبہ کو بھی اس مسئلہ پر ملاقات ہوئی تھی جس میں امیت شاہ نے مرکزی حکومت کی جانب سے تمام تر تعاون کا تیقن دیا تھا ۔دہلی میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور وہ مہاراشٹرا اور ٹاملناڈو کے بعد ملک کی اس وائرس سے شدید طور پر متاثرہ تیسری ریاست بن گئی ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ جولائی کے ختم تک دہلی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 5.5لاکھ ہوجائے گی جس سے عوام میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔منیش سیسوڈیا کا یہ بیان ایل جی کے اس حکم کے بعد آیا جس میں انہوںنے دہلی حکومت کے اس فیصلہ کو مسترد کردیا تھا جس میں دہلی حکومت نے سرکاری دواخانوں میں صرف دہلی والوں کا علاج کرنے کی بات کی تھی ۔ایل جی نے کہا کہ غیر مقامی ہونے کی بنیاد پر کسی کو بھی علاج کی سہولتیں فراہم کرنے سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔کئی اپوزیشن جماعتوں نے بھی کجریوال کے اس فیصلے کی شدید مخالفت کی تھی ۔دوسری طرف سپریم کورٹ نے بھی دہلی میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ اور حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات میں کمی کے علاوہ مریضوں اور کورونا سے فوت ہونے والوں کے ساتھ کئے جانے والے نازیبا سلوک پر شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور دہلی کی صورتحال کو خوفناک بتا یا تھا ۔کل ہونے والے اجلاس میں تمام امور پر تبادلہ خیال کی امید ہے ۔ امکان ہے کہ وزیر اعظم ملک میں کورونا کی صورتحال پر ریاستوں کے چیف منسٹرس کے ساتھ بات چیت کرنے والے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ آئندہ ہفتہ وہ بات چیت ہوگی ۔