فرقہ پرستی کے ذریعہ مجلس کو فائدہ پہونچانے کی کوشش ، بدلے میں مجلس گوشہ محل بی جے پی کو چھوڑ رہی ہے
حیدرآباد ۔ 2 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی و کانگریس امیدوار حلقہ لوک سبھا حیدرآباد محمد ولی اللہ سمیر نے پرانے شہر میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے منظم کردہ روڈ شو کو ’ فلاپ شو ‘ میں تبدیل ہوجانے کا دعویٰ کیا ۔ مجلس کے امیدوار اسد الدین اویسی کو کامیاب بنانے کے لیے فرقہ پرستی کا زہر اگلنے کا امیت شاہ پر الزام عائد کیا ۔ آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر کے مسائل پر توجہ دینے کے بجائے اپنی نفرت انگیز اور تفرقہ بازی تقریر کے ذریعہ عوامی جذبات کو ٹھیس پہونچائی ۔ حیدرآباد کو رضاکاروں سے آزاد کرانے کی بات کرتے ہوئے مسلمانوں کے عزت و نفس للکارا ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں ۔ ایسا لگتا ہے امیت شاہ بی جے پی کی انتخابی مہم میں نہیں پہونچے بلکہ مجلس کے امیدوار اسد الدین اویسی کو کامیاب بنانے پہونچے ہیں ۔ خفیہ ایجنڈے کو کامیاب بنانے کے لیے امیت شاہ بی جے پی کی امیدوار کو لوک سبھا حیدرآباد میں بلی کا بکرا بنا رہی ہے ۔ امیت شاہ مسلم تحفظات کو ختم کرنے رضاکاروں کا نام لیتے ہوئے پرانے شہر کے مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے ۔ محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ امیت شاہ 70 سال سے زیادہ پہلے پیش آئے واقعات کو دوبارہ زندہ کرتے ہوئے ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وہ ایسے واقعات ہیں جن کا تجربہ نہ تو امیت شاہ کو ہوا اور نہ ہی حیدرآباد کی موجودہ آبادی کی اکثریت ان واقعات سے واقف ہے ۔ ہم میں سے کسی نے رضاکاروں کو نہیں دیکھا ہے ۔ ستمبر 1948 میں ان کا وجود ختم ہوگیا ہے ۔ جب حیدرآباد انڈین یونین میں ضم ہوگیا ۔ یہ بیان بازی تاریخ کو مسخ کرتی ہے اور آج حیدرآباد کو درپیش حقیقی مسائل سے توجہ ہٹاتی ہے ۔ حیدرآباد کانگریس کے امیدوار محمد ولی اللہ سمیر نے الزام عائد کیا کہ امیت شاہ کے دورے کا مقصد بنیادی طور پر صدر مجلس اور امیدوار حلقہ حیدرآباد اسد الدین اویسی کو فائدہ پہونچانا تھا ۔ امیت شاہ نے اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے دانستہ طور پر مجلس کو فائدہ پہونچانے کی کوشش کی ہے ۔ بی جے پی اور مجلس فرقہ پرستی ، نفرت اور تفرقہ انگیزی کا زہر گھولتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں اور ایک دوسرے کے سیاسی اغراض و مقاصد کی تکمیل کررہے ہیں۔ بی جے پی حیدرآباد میں خفیہ طور پر مجلس کو تائید کررہی ہے ۔ بدلے میں مجلس حلقہ اسمبلی گوشہ محل سے مقابلہ نہ کرتے ہوئے بی جے پی کو کامیاب بنانے میں بلراست مدد کررہی ہے ۔ محمد ولی اللہ سمیر نے لوک سبھا حیدرآباد کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ بی جے پی اور مجلس کے پردے کی پیچھے کی سیاست کو سمجھیں اس مرتبہ کانگریس کو کامیاب بناتے ہوئے دونوں جماعتوں اور ان کے خفیہ ایجنڈے کو شکست دیتے ہوئے سبق سکھائے ۔۔ 2