امیت شاہ کی تقریر وائرل معاملہ ، دہلی پولیس سے مزید چار سوشیل میڈیا کارکنوں کو نوٹس

   

سابق نوٹس کے قائدین و کارکنوں سے متعلق دریافت ، کانگریس قائدین کے مکانات کے قریب تفصیلات کا حصول ، گرفتار کارکنوں سے پوچھ تاچھ
حیدرآباد۔2۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) وزیر داخلہ امیت شاہ کی تقریر کو وائرل کرنے کے معاملہ میں دہلی پولیس نے آج دوبارہ گاندھی بھون پہنچ کر مزید 4 سوشل میڈیا کارکنوں کے نام نوٹس حوالہ کی ہے اور اس دوران دہلی پولیس کے اہلکاروں نے سابق میں جن پارٹی قائدین و کارکنوں کو نوٹس دی تھی ان کے متعلق بھی دریافت کیا جس پر گاندھی بھون میں موجود قائدین نے ان کے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا۔ بتایاجاتا ہے کہ دہلی پولیس کے اہلکار کانگریس پارٹی کے سوشل میڈیا کو آرڈینٹرس کے مکانات کے قریب ان کے متعلق تفصیلات حاصل کر رہے ہیں اسی دوران شہر حیدرآباد میں ان کارکنوں کے خلاف درج کئے گئے مقدمہ میں سائبر کرائم نے کانگریس کارکنوں کو حراست میں لیتے ہوئے ان سے پوچھ تاچھ کا آغاز کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر حیدرآباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت پر کاروائی کرتے ہوئے سائبر کرائم پولیس نے کانگریس کے سوشل میڈیا کوآرڈینٹرس کو حراست میں لیا ہے اور پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ سائبر کرائم کی جانب سے جن کانگریس کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے ان کے علاوہ مزید 4 افراد کے نام دہلی پولیس نے گاندھی بھون میں نوٹس حوالہ کی ہے۔مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کی تحفظات کے متعلق تقریر سے مبینہ چھیڑ چھاڑ کے الزام میں دہلی پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے بشمول 4 افراد کو نوٹس جاری کرتے ہوئے یکم مئی کو دہلی پولیس کے روبرو پیش ہونے کی ہدایت دی تھی اور چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور دیگر نے اپنے وکلاء کے ذریعہ دہلی پولیس کو نوٹس کا جواب روانہ کرتے ہوئے انہیں پیش ہونے کیلئے مزید وقت فراہم کرنے کی خواہش کی تھی لیکن اس کے باوجود دہلی پولیس جو شہر میں ہے جنہیں نوٹس دی گئی ہے ان کے مکانات کے قریب گشت کر رہی ہے تاکہ اگر وہ دستیاب ہوں تو ان سے پوچھ تاچھ کی جاسکے۔3