امیرپیٹ میں برق رفتار بے قابو بس سے عوام میں دہشت

   

شہری جان بچانے سازوسامان اور موٹر گاڑیوں کو چھوڑ کر دوڑ پڑے

حیدرآباد ۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) امیرپیٹ کے علاقہ میں آج صبح ایک خانگی بس نے دہشت مچادی۔ بس کی رفتار اور خطرناک حالات کو دیکھ کر عوام خوف کے مارے دوڑنے لگے۔ موٹرسائیکلوں اور ضروری سازوسامان کو چھوڑ کر جان بچانے کی فکر میں دوڑنے لگے۔ اس واقعہ کے سبب علاقہ میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیا تھا اور افراتفری کے ماحول سے ٹریفک جام ہوگئی۔ تاہم اس دہشت ناک واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلکہ ایک کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے سبب سمجھا جارہا ہیکہ دوسرے نقصان نہیں ہوئے۔ ذرائع کے مطابق ای ایس آئی ہاسپٹل میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک خانگی بس نے دہشت مچادی۔ خانگی ٹراویل یلاری کرناٹک سے حیدرآباد کے درمیان چلائی جاتی ہے اور بس آج صبح مسافرین کے ساتھ یلاری سے حیدرآباد پہنچی۔ گوٹور کے نام سے چلائی جانے والی سرویس سے دہشت پیدا ہوگئی۔ پولیس نے ٹریفک جام کے مسئلہ کو حل کرتے ہوئے بس اور کار کو سڑک سے ہٹادیا۔ پولیس نے کار ڈرائیور کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع