انتخابات کے بعد ریونت ریڈی بی جے پی میں شامل ہوں گے

   

بی جے پی کو کامیاب بنایا گیا تو دستور تبدیل کردے گی، عادل آباد میں کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد۔ 17 اپریل (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ صدر کے ٹی آر نے کہا کہ پارلیمانی انتخابات کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے۔ پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر کے ٹی آر نے عادل آباد میں پارٹی کے قائدین سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے 6 ضمانتوں کے ذریعہ عوام کو ہتھیلی جنت دکھائی۔ کامیابی کے بعد انہیں فراموش کردیا۔ اگر لوک سبھا انتخابات میں عوام بی آر ایس کو زیادہ سے زیادہ حلقوں میں کامیاب بناتے ہیں تو بی آر ایس پارٹی حکومت کی گردن مروڑ کر ان وعدوں کی تکمیل کرائے گی۔ پارٹی کے کارکنوں کو ایک مہینہ تک محنت کرنے کی ضرورت ہے اس کے بعد پارٹی کا روشن مستقبل ہوگا۔ بی آر ایس کے چند قائدین اپنے نجی اور سیاسی فائدہ کے خاطر کانگریس میں شامل ہوئے ہیں، اس سے پارٹی کو کوئی فرق نہیں پڑا ہے بلکہ پارٹی سے کچرا چلا گیا ہے۔ بی آر ایس سمندر جیسی پارٹی ہے جس کے پاس قائدین کی کوئی کمی نہیں ہے۔ جن لوگوں نے پارٹی سے دغا بازی کی ہے انہیں شکست دینے کی پارٹی کارکنوں سے اپیل کی۔ ریونت ریڈی چیف منسٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کی بجائے گلی کے غنڈہ جیسا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی کی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی ہمیں کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وہ پانچ سال حکومت میں رہیں اور 420 وعدوں کو عملی جامہ پہنائیں۔ اقتدار حاصل ہوتے ہی بی آر ایس میں شامل ہونے والے قائدین اقتدار جاتے ہی بی آر ایس سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ جن لوگوں نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی ان کا پارٹی میں بہت زیادہ خیال رکھا گیا باوجود اس کے انہوں نے پارٹی سے بے وفائی کی ہے۔ ایسا لگ رہا ہے ریونت ریڈی وزیر اعظم نریندر مودی کے لئے کام کررہے ہیں۔ انتخابات کے بعد وہ 20 تا 25 ارکان اسمبلی کے ساتھ بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے۔ ریاست کی اقلیتیں یہ سمجھ لیں کہ چیف منسٹر بی جے پی کے حامی ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس نہیں بلکہ کانگریس ہی بی جے پی کی بی ٹیم ہے۔ 2
بی جے پی کے فرقہ پرست قائدین ایٹالا راجیندر، بنڈی سنجے اور ڈی اروند کو اسمبلی انتخابات میں بی آر ایس نے ہی شکست دی ہے۔ بی جے پی دوبارہ اقتدار حاصل کرنے پر دستور کو تبدیل کرنے کا اعلان کررہی ہے، ایسی پارٹی کو شکست دینے کی عوام سے اپیل کی ہے۔ 2