حیدرآباد: حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی سیلاب متاثرین کو 10ہزار روپئے کی امداد کو ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے مستثنیٰ قرار دیتے ہوئے سیلاب متاثرین کو جاری کی جانے والی رقمی امداد کے سلسلہ پر روک نہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسٹر پارتھا سارتھی نے کہاکہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی سیلاب متاثرین کو امداد کے سلسلہ کو جاری رکھنے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ اس اسکیم کے تحت درخواستوں کی وصولی اور رقومات کی اجرائی پرانتخابی ضابطہ اخلاق کے اصولوں کا اطلاق نہیں ہوگا۔ شہر حیدرآبا دمیں سیلاب کے متاثرین کو جاری کی جانے والی رقمی امداد کے لئے می سیوا کے ذریعہ درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے اور کہا جار ہاہے کہ آئندہ دو یا تین یوم کے دوران بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا اور رقومات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اسی لئے ریاستی الیکشن کمشنر کی جانب سے اس منصوبہ کو جاری رکھنے کے سلسلہ میں وضاحت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ اسکیم ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے پہلے سے جاری ہے اسی لئے اس پر روک نہیں لگایا جائے گا۔آن لائن درخواستوں کے ادخال کیلئے شہر کے می سیوا سنٹرس پر متاثرین کا زبردست ہجوم دیکھا جارہا ہے۔