انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد 150کروڑ سے زائد رقم ضبط

   

جے پور: راجستھان میں مختلف انفورسمنٹ ایجنسیوں نے اس ماہ کے آغاز سے اب تک تقریباً 248 کروڑ روپے کی منشیات، شراب، قیمتی دھاتیں، مفت تقسیم کی جانے والی چیزوں (فری بیز) اور غیر قانونی نقدی ضبط کی ہے ۔ الیکشن ڈپارٹمنٹ کی ہدایات پر لوک سبھا عام انتخابات-2024 کے پیش نظر ماڈل ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے بعد 16 مارچ سے ایجنسیوں کے ذریعہ ضبط کی گئی اشیاء کی قیمت 150 کروڑ روپے سے زیادہ ہے ۔ ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر پروین گپتا نے کہا کہ ریاست میں مختلف ایجنسیاں مشکوک اشیاء اور انتخابات کو متاثر کرنے کے مقصد سے پیسے کے غیر قانونی استعمال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں پوری ریاست میں مسلسل ضبطی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ گپتا نے کہا کہ راجستھان کے سات اضلاع میں دس دس کروڑ روپے سے زیادہ کی مشکوک اشیاء یا نقدی برآمد کی گئی ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ 32.88 کروڑ روپے کی اشیاء جودھپور میں ضبط کی گئی ہیں۔ پالی تقریباً 18.61 کروڑ روپے کی ضبطی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ، جب کہ جے پور میں 17.63 کروڑ روپے ، ادے پور میں 13.70 کروڑ روپے ، بھیلواڑہ میں 13.08 کروڑ روپے ، گنگا نگر میں 12.65 کروڑ روپے اور باڑمیر میں 11.17 کروڑ روپے کی اشیاء ضبط کی جاچکی ہیں۔