کسی بھی زمرہ کی خاتون امیدوار کیلئے عہدہ مختص
حیدرآباد: مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے انتخابات کے عمل کی تکمیل کے بعد جی ایچ ایم سی مئیر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور اس مرتبہ جی ایچ ایم سی مئیر کے عہدہ کو خاتون کیلئے محفوظ کیا گیا ہے جو کسی بھی زمرہ سے تعلق رکھ سکتی ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں موجود 150 بلدی حلقوں میں 50 فیصد حلقہ جات کو محفوظ رکھا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی حدود میں محفوظ کی گئی نشستوں کے سلسلہ میں مسٹر پارتھا سارتھی نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے حکومتی سطح پر تحفظات کا فیصلہ کیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ 150بلدی حلقوں میں 44 بلدی حلقہ غیر محفوظ ہیں جبکہ قبائیلی طبقہ کیلئے دو نشستیں محفوظ کی گئی ہیں جن میں ایک مرد کیلئے اور ایک خاتون کے لئے محفوظ ہے۔درج فہرست طبقات (ایس سی ) کے لئے جی ایچ ایم سی میں 10 نشستیں محفوظ ہیں جن میں 5 مرد اور 5خواتین کیلئے محفوظ رکھی گئی ہیں۔پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والوں کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادمیں 50 نشستوں کو محفوظ کیا گیا ہے جس میں 25 مرد اور 25 خواتین کی نشستیں محفوظ ہیں۔اسی طرح خواتینکے لئے عام زمرہ میں 44 نشستیں محفوظ کی گئی ہیں جہاں سے کوئی بھی طبقہ سے تعلق رکھنے والی خواتین انتخابات میں حصہ لینے کی اہل ہیں۔شہر حیدرآباد میں بلدی انتخابات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کے ساتھ ہی سیاسی سرگرمیوں میں اضافہ ہوچکا ہے۔