انتخابی گہماگہمی کا کل سے اضافہ کا امکان

   

دھوپ کی شدت کا انتخابی مہم پر اثر ممکن ، سنگاریڈی میں کانگریس امیدوار کی جانب سے ادخال نامزدگی

سنگاریڈی 18 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) تلنگانہ میں پارلیمنٹ انتخابات کے لیے اعلامیہ جاری ہوگیا اور آج 18 اپریل سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل شروع ہوگیا۔ متحدہ ضلع میدک میں دو پارلیمنٹ حلقہ میدک اور ظہیرآباد ہے۔ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی حلقہ پارلیمنٹ میدک میں آتا ہے اور حلقہ پارلیمنٹ میدک کے پرچہ نامزدگی کلکٹریٹ میدک میں داخل کئے جائنگے۔ کلکٹر میدک حلقہ پارلیمنٹ کے ریٹرنگ و ضلع الکشن آفیسر ہے۔ حلقہ پارلیمنٹ ظہیرآباد کے پرچہ نامزدگی کلکٹریٹ سنگاریڈی میں داخل کئے جائیںگے۔ کلکٹر ضلع سنگاریڈی وی کرانتی ریٹرننگ آفیسر حلقہ پارلیمنٹ ظہیرآباد ہیں۔ پرچہ نامزدگی 18 تا 25 اپریل داخل کرسکتے ہیں اور 29 اپریل پرچہ نامزدگی واپس کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ 13 مئی کو راے دہی اور 4 جون کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آج پہلے دن حلقہ پارلیمنٹ ظہیرآباد سے کانگریس امیدوار سریش شیٹکر کی جانب سے کانگریس قائدین نے کلکٹریٹ سنگاریڈی پہنچکر ایک سیٹ پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ آج پہلے دن صرف ایک ہی پرچہ نامزدگی وصول ہوئی ہے۔ بتایا جاتا ہیکہ بیشتر قائدین 20 اپریل کو پرچہ نامزدگی داخل کرینگے چونکہ پنڈتوں کے مطابق 20 اپریل کو نیک شگون کہا گیا ہے۔ حلقہ پارلیمنٹ میدک کیلئے بھی پرچہ نامزدگی کا ادخال شروع ہوگیا۔ 20 اپریل کے بعد انتخابی گہما گہمی میں اضافہ اور یکم مئی سے انتخابی مہم میں شدت پیدا ہونے کا امکان ہے۔ گرمی اور تیز دھوپ کا اثر مہم پر پڑ سکتا ہے۔