انتخاب مسائل پر لڑیئے، ملک کا ماحول مت بگاڑیئے

   

مودی حکومت کو عام آدمی پارٹی قائد سنجے سنگھ کا مشورہ
نئی دہلی :عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے پیر کے روز پارلیمنٹ میں مرکز کی مودی حکومت کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے دھرم سنسد میں مہاتما گاندھی کو بے عزت کرنے والے لوگوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ملک میں انتخاب لڑنے کے لئے انتخابی مسائل کو مدنظر رکھنا چاہیے۔سنجے سنگھ نے ہفتہ کے روز راجیہ سبھا میں صدرجمہوریہ کی تقریر پر تحریک تشکر پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ ملک آزادی کے 75 ویں سال میں داخل ہو گیا اور عظیم ہستیوں کو یاد کرتے ہوئے مہاتما گاندھی کا تذکرہ تک تقریر میں نہیں کیا گیا۔ اتراکھنڈ، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں مہاتما گاندھی کو بے عزت کیا گیا۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت اس پورے مسئلہ پر خاموش ہے۔ عدم تشدد کے علمبردار مہاتما گاندھی کو بے عزت کرنا ملک سے غداری ہے اور ایسے لوگوں کو گرفتار کر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔سنجے سنگھ نے کہا کہ صدرجمہوریہ نے اپنی تقریر میں ایک ہندوستان، بہتر ہندوستان، سب کا ساتھ سب کا وِکاس کا تذکرہ کیا، لیکن حقائق بالکل برعکس ہیں۔ ایک طرف آپ سب کا ساتھ سب کا وکاس کی بات کرتے ہیں، دوسری طرف آپ کے لیڈر اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اپنی تقریر میں کہتے ہیں کہ یوپی کا انتخاب 80 اور 20 پر ہوگا۔ سنجے سنگھ نے اترپردیش حکومت پر سماج کو فرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اترپردیش میں بی جے پی اسمبلی انتخاب کو 80 بنام 20 کی لڑائی بتا رہی ہے۔ اس کے علاوہ انتخاب میں پاکستان کا نام لے کر ووٹروں کو ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔